سنیما کلچرل کی بحالی کیلئے کم بجٹ کی فلمیں بناناہوں گی،ارم پروین بلال

سوشل میڈیااسٹار کو اپنی نئی فلم کے ذریعے ٹریبیوٹ پیش کیا،فلم ڈائریکٹر کی گفتگو

جمعہ 5 جنوری 2024 14:21

کھڈیاں خاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2024ء) پاکستانی نژاد امریکی فلم ساز اور ڈائریکٹر ارم پروین بلال نے کہا ہے کہ امریکا سے اپنی نئی فلم ریلیز کرنے پاکستان آئی ہُوں، انہوں نے کہا کہ سنیما کلچر کی بحالی کے لیے کم بجٹ کی فلمیں بنانا ہوں گی۔ سوشل میڈیا کو ذمے داری سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے، ورنہ قندیل بلوچ جیسے واقعات سامنے آتے رہیں گے۔

ہم نے اپنی فلم ’’وکھری‘‘ میں سوشل میڈیا اسٹار کو ٹریبیوٹ پیش کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکا سے پاکستان آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ باکمال اور ذہین فلم ڈائریکٹرارم پروین بلال نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فریال محمود ’’وکھری‘‘ کے کردار کے لیے بہترین چوائس تھی۔ مولا جٹ کی شاندار کامیابی سے خوشی ہوئی، لیکن ایک سپرہٹ سے سنیما کلچر بحال نہیں ہوگا، مختلف موضوع پر کم بجٹ کی فلمیں بنانا ہُوں گی۔

(جاری ہے)

میں نی10 برس قبل ’’جوش‘‘ فلم بنائی تھی، جسے دنیا بھر میں پزیرائی ملی تھی، وکھری، پاکستانی سنیما کے لیے بنائی ہے، البتہ اسے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں زبردست پزیرائی ملی۔ پروڈیوسر عابد مرچنٹ فلموں کے دیوانے ہیں، انہوں نے ایک لاجواب فلم بنانے کے لیے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔5 جنوری کو سنیما گھروں کی رونقیں بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔وکھری ایک مسالہ فلم ہے، جسے فلم بین پسند کریں گے۔ اُمید ہے نیا سال پاکستان فلم انڈسٹری کے لیے کام یابی لے کر آئے گا۔