جماعت اسلامی نے ضلع بھر کے6 قومی اور13 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر اپنے امیدواران سیاسی میدان میں اتار دئیے ہیں، ضلعی امیر جماعت اسلامی

اتوار 7 جنوری 2024 20:00

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2024ء) جماعت اسلامی نے ضلع بھر کے6 قومی اور13 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر اپنے امیدواران سیاسی میدان میں اتار دئیے ہیں، جماعت اسلامی کے امیدواران خدمت خلق کے جذبے سے سرشار، متوسط طبقے سے تعلق رکھتے، تعلیم یافتہ اور کرپشن سے پاک باصلاحیت شخصیت کے حامل ہیں جنہیں عام انتخابات میں کامیاب کرانا ضلع کے عوام کے مستقبل کے لئے انتہائی ضروری ہے،  پارٹیاں اور جھنڈے تبدیل کر کے باری سسٹم کے تحت مفاد پرست سیاستدان ضلع رحیم یارخان کے عوام کی توقعات پر کبھی پورا نہیں اتر سکتے،عوام اسلامی اور خوشحال پاکستان کے لئے جماعت اسلامی کے انتخابی نشان ”ترازو“ پر مہر لگائیں۔

ان خیالات کا اظہار ضلعی امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عمر فاروق، جنرل سیکرٹری عبدالرحمن شاکراور ضلعی صدر سیاسی کمیٹی چوہدری اشتیاق احمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے جماعت اسلامی کے تمام قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کاغذات جمع کرانے والے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے ضلع رحیم یارخان کے این اے 169 سے قاضی محمدسمیع ایڈووکیٹ،این اے 170 سے ڈاکٹر طارق بلوچ، این اے 171 سے شفیق احمد رؤف، این اے 172 سے ڈاکٹرانوارالحق، این اے 174 سے تسنیم سرور، این اے 175 سے قاری سعید احمد جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 255 سے کلیم اللہ بھٹو، پی پی 256 سے عباس انور، پی پی 257 سے اسامہ فاروق، پی پی 258 سے عامر اشتیاق، پی پی 259 سے سید محمد ساجد عباس، پی پی 260 سے عبدالرشید اعوان، پی پی 261 سے ملک عبدالستار، پی پی 262 سے فیصل جاوید، پی پی 263 سے سید سجاد محمود، پی پی 264 سے عائشہ عزیز، پی پی 265 سے ریاض قدیر صدیقی، پی پی 266 سے محمداشفاق اور پی پی 267 سے ملک نزاکت علی کے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن کو جمع کروانے اور منظوری کے بعد انتخابی میدان میں اتارا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں تاکہ ضلع رحیم یارخان کے عوام کے مسائل حقیقی معنوں میں حل کئے جا سکیں۔\378