سوات، مراد سعید کے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں خارج

مراد سعید این اے 3 اور این اے 4 سوات سے نااہل قرار ،مراد سعید خود پیش نہیں ہوئے،الیکشن ٹریبونل نے کاغذات مستردکرنےکا آر او کا فیصلہ برقرار رکھا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 9 جنوری 2024 15:24

سوات،  مراد سعید کے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں خارج
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جنوری2024) پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیل خارج کر دی گئی۔ مراد سعید این اے 3 اور این اے 4 سوات سے نااہل قرار دئیے گئے۔ الیکشن ٹریبونل نے مراد سعید کے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں خارج کر دیں۔الیکشن ٹریبونل نے مراد سعید کے خلاف اعتراضات درست قرار دیتے ہوئے ریٹرنگ افسران کا فیصلہ برقرار رکھا۔

الیکشن ٹربیونل نے قرار دیا کہ مراد سعید خود پیش نہیں ہوئے، مختیار نامہ بھی تصدیق شدہ نہیں۔گذشتہ روز الیکشن اپیلٹ ٹریبونل سوات میں مراد سعید کی اپیل پر سماعت ہوئی ،عدالتی حکم کے باوجود مرادسعید عدالت میں پیش نہ ہوسکے ،ٹربیونل کی جانب سے فیصلہ محفوظ کیا گیا۔ مرادسعید کے کے کاغذات نامزدگی حلقہ این اے 3اور این اے 4کے رینٹرنگ آفیسرز نے اشتہاری ملزم ہونے کے تحت مسترد کردئے تھے ۔

(جاری ہے)

آر اوز کے فیصلے کے خلاف مرادسعید نے اپنے وکلاء کے ذریعے پشاورہائی کورٹ مینگورہ بنچ میں قائم الیکشن اپیلٹ ٹربیونل میں اپیل کی تھی ۔ ٹربیونل کے جج جسٹس محمد نعیم انور نے کیس کی سماعت کی اور مرادسعید کے پیش ہونے کا حکم دیا تاہم وکلاء کی جانب سے معذرت کی گئی جس پر ٹربیونل نے فیصلہ محفوظ کیا جو آج سنایا گیا ۔ مرادسعید مختلف نوعیت کے مقدمات میں اشتہاری ملزم قراردئے گئے ہیں۔

الیکشن ٹربیونل نے مراد سعید کے والد سعید اللہ کے کاغذات پی کے 8 کے لئے منظور کرلئے گئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے ریاض احمد کی اپیل الیکشن ٹربیونل نے خارج کردی ہے اور ریٹرنگ آفیسر کا فیصلہ برقراررکھا ہے۔ادھر قومی احتساب بیورو (نیب) نے مراد سعید کے خلاف نئی انکوائری شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق نیب نے تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کیخلاف نئی انکوائری شروع کردی ہے اور اس حوالے سے نیب نے الیکشن کمیشن کو خط بھی لکھا ہے۔نیب ذرائع کے مطابق مراد سعید مفرور اور کئی مقدمات میں مطلوب ہیں۔واضح رہے کہ عام انتخابات کے لیے مراد سعید نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جسے مسترد کردیا گیا۔