فواد چوہدری نے کاغذات نامزدگی سے متعلق ٹربیونل کے فیصلے کو چیلنج کردیا،(آج)سماعت ہوگی

الیکشن ٹریبونل نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل کو خارج کردیا تھا

جمعرات 11 جنوری 2024 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ایپلٹ ٹربیونل کی جانب سے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل خارج کرنے کے فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔جسٹس علی باقرنجفی کی سربراہی میں فل بینچ (آج) جمعہ کو درخواست پر سماعت کرے گا ۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر نے موقف اپنایا کہ ایپلٹ ٹربیونل نے حقائق کے منافی فیصلہ سنایا ہے۔

انہوں نے استدعا کی کہ عدالت ایپلٹ ٹربیونل کا فیصلہ معطل کر کے الیکشن لڑنے کی اجازت دے۔یاد رہے کہ الیکشن ٹربیونل نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل کو خارج کردیا تھا۔فواد چوہدری کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 اور این اے 61 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے۔