پشاور، اے این پی کی جانب سے الیکشن مہم کا سلسلہ جاری، درجنوں افراد کی شمولیت

جمعہ 12 جنوری 2024 17:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2024ء) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی جانب سے صوبائی دارالحکومت پشاور میں عام انتخابات 2024 کےلیے الیکشن مہم کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعہ کو پشاور کے یونین کونسل سلیمان خان گڑھی ملی خیل میں شمولیتی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں پی ٹی آئی اور جمعیت علماء اسلام سے متعدد افراد نے خاندانوں سمیت مستعفی ہوکر عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

تقریب میں صوبائی سینئر نائب صدر و امیدوار پی کے 76 خوشدل خان ایڈوکیٹ اور دیگر تنظیمی ذمہ داران نے شرکت کی۔ خوشدل خان ایڈوکیٹ نے نئے شامل ہونے والوں کو پارٹی ٹوپیاں پہنا کر خوش آمدید کہا۔ اسی طرح یونین کونسل موسی زئی میں بھی عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں مختلف پارٹیوں سے درجنوں افراد نے اے این پی میں شمولیت اختیار کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں صوبائی نائب صدر و امیدوار این اے 29 ثاقب اللہ خان چمکنی، امیدوار پی کے 84 ملک فرہاد خان اور دیگر تنظیمی ذمہ داران اور رہنماؤں نے شرکت کی اور نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا۔ پشاور کے علاقے چغلپورہ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں اے این پی ذمہ داران کی کارنر میٹنگ ہوئی جس میں صوبائی نائب صدر و امیدوار این اے 29 ثاقب اللہ خان چمکنی، امیدوار پی کے 75 ارباب عثمان خان اور امیدوار پی کے 84 ملک فرہاد خان نے شرکت کی۔

اجلاس میں انتخابی مہم کے حوالے سے اہم امور پر گفتگو ہوئی۔ پشاور کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی اے این پی کی جانب سے الیکشن مہم کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز نوشہرہ کے پی کے 89 خانشیر گڑھی پبی میں شمولیتی پروگرام میں درجنوں افراد نے مختلف پارٹیوں سے خاندان اور ساتھیوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے شمولیت کرنے والوں کو ٹوپیاں پہنائی اور مبارکباد دی۔ اس موقع تحصیل پبی کے صدر حاجی زرعلی، عباس خان غازی، نعیم قادر، میاں مومین، میاں ارشد، سہیل ناظم، عیسی خان ناظم، میاں امجد، میاں طاہر، میاں زبیر اور دیگر تنظیمی ذمہ داران بھی موجود تھے۔