لیگی امیدوار بشیر میمن کے حق میں 8 امیدوار دستبردار ہو گئے

8 امیدواروں کی دستبرداری کے بعد اب حلقہ این اے 216 پر ن بشیر میمن کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے امیدوار مخدوم جمیل الزمان سے ہوگا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 13 جنوری 2024 12:22

لیگی امیدوار بشیر میمن کے حق میں 8 امیدوار دستبردار ہو گئے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13جنوری 2024ء) مسلم لیگ ن کے امیدوار بشیر میمن کے حق میں 8 امیدوار دستبردار ہو گئے۔مٹیاری سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر بشیر میمن کے حق میں 8 امیدوار دستبردار ہوئے۔جیو نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 216 اور صوبائی اسمبلی کے پی ایس 56 سے ایم کیو ایم، جے یو آئی ف اور سندھ ترقی پسند پارٹی کے امیدواروں سمیت 8 امیدوار بشیر میمن کے حق میں دستبردار ہوئے۔

8 امیدواروں کی دستبرداری کے بعد اب مٹیاری سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 216 پر ن لیگ کے امیدوار بشیر میمن کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے امیدوار مخدوم جمیل الزمان سے ہوگا۔جب کہ مٹیاری کی صوبائی نشست پی ایس 56 پر بشیر میمن مخدوم جمیل الزماں کے فرزند مخدوم محبوب الزمان کا مقابلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں بشیر میمن نے قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو سے ملاقات کی، دونوں رہنمائوں نے صوبے میں مختلف انتخابی حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بارے میں بات چیت کی ، اس موقع پر ایاز لطیف پلیجو نے کہا پیپلزپارٹی 1970 سے سندھ میں بار بار اقتدار میں چلی ا رہی ہے مگر اس نے سندھ کی ترقی کے لئے کوئی کام کرنے کے بجائے سندھ دشمنی کی ہے اور عوام کو لاوارث بنا بھیک منگا بنا دیا ہے ،پی پی وسائل سے مالا مال صوبے کے عوام کو خوشحال نہیں دیکھنا چاہتی، ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ پی پی سندھ میں ووٹ خرید رہی ہے اور عوام کر ازادانہ طور پر ووٹ کے استعمال میں رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں،دنیا میں انتخابات کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات میں حصہ لیا جاتا ہے مگر پیپلزپارٹی کے زرداری ٹولے کی کارگردگی چونکہ ہر دور اقتدار میں بدتر رہی ہے اس لئے وہ عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالتی ہے نتائج تبدیل کر کے کرپٹ عوام دشمن افراد کو اقتدار کی کرسی پر بٹھاتی ہے ،انہوں نے کہا کہ پی پی نے ہمیشہ روٹی کپڑے مکان کا دلفریب فراڈ نعرہ لگا کر عوام کو بیوقوف بنایا لوٹ مار کی اور عوامی وسائل کو فروخت کیا ڈیجیٹل مردم شماری کی آڑ میں سندھیوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کی۔