سعودیہ میں عید الفطر اورعیدالاضحیٰ کی تعطیلات میں ترمیم

عید الفطر اور عید الاضحٰی کے موقع پر زیادہ سے زیادہ 5 دن کی تعطیلات ہوں گی۔ سعودی کابینہ

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 جنوری 2024 09:50

سعودیہ میں عید الفطر اورعیدالاضحیٰ کی تعطیلات میں ترمیم
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 جنوری 2024ء ) سعودی عرب نے سرکاری اداروں کے ملازمین کے لیے عید الفطر اورعید الاضحٰی کی تعطیلات میں ترمیم کردی، جس کے تحت کابینہ نے مخصوص سرکاری اداروں میں عید کے لیے زیادہ سے زیادہ 5 دن کی تعطیلات مقرر کردی ہیں۔ سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق منگل کو یہاں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی سربراہی میں کابینہ نے مخصوص سرکاری اداروں کی انتظامی فہرستوں میں ترمیم کی منظوری دی ہے جن میں حکام، ادارے، مراکز، پروگرام اور اسی طرح کے ادارے شامل ہیں، کابینہ کا اجلاس ریاض میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں ہوا، جس میں شرکاء نے ان سرکاری اداروں کو جو تعطیلات کے حوالے سے اپنا خصوصی نظام مقرر کیے ہوئے ہیں ہدایت کی کہ وہ تعطیلات کے اپنے نظام میں ترمیم کریں، جس کے تحت ہر عید کی چھٹی کم سے کم چار اور زیادہ سے زیادہ 5 دن کی جائے، اس پابندی میں ہفت روزہ تعطیلات شامل نہیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں کابینہ نے سعودی عرب اور کئی دیگر ممالک کے درمیان حالیہ بات چیت کا جائزہ لیا، جس میں ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کو کینیڈا کے وزیر اعظم کی طرف سے موصول ہونے والی فون کال بھی شامل ہے، کابینہ نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت سے متعلق مختلف رپورٹس پر غور کیا اور ان پیشرفتوں کے حوالے سے مملکت کی ثابت قدمی کے عزم کا اعادہ کیا، کابینہ نے علاقائی اور عالمی سلامتی اور امن پر اس کے اہم اثرات کے پیش نظر تشدد کے پھیلاؤ کو کم کرنے اور اسے روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس کے بعد ایک بیان میں وزیر اطلاعات سلمان بن یوسف الدوسری نے بتایا کہ کابینہ نے مملکت کی میزبانی میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنسوں اور میٹنگوں کے نتائج کا جائزہ لیا جو کہ ترقیات سے باخبر رہنے کے لیے اس کے عزم کا ثبوت ہے، کابینہ نے حج اور عمرہ سروسز کانفرنس اور نمائش کے انعقاد میں وزارت حج و عمرہ کی کوششوں کو سراہا، جو سعودی ویژن 2030 کے مطابق جدید اور پائیدار حل کو فروغ دے کر جو مستقل ترقی کو یقینی بناتا ہے اور دونوں مقدس مساجد کے زائرین کو اعلیٰ خدمات پیش کرتا ہے، کابینہ نے ابوظہبی کمرشل بینک کو سعودی عرب میں شاخیں کھولنے کا لائسنس دینے کی منظوری دے دی۔