ڈی آر او مٹیاری کی زیر صدارت عام انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد

بدھ 17 جنوری 2024 19:08

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2024ء) ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر/ ڈپٹی کمشنر مٹیاری لعل ڈنو منگی کی زیر صدارت ضلع کی ایک قومی اور دو صوبائی نشستوں پر عام انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مانیٹرنگ افسران کے ذریعے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آر او لال ڈنو منگی نے کہا کہ صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد قومی فریضہ ہے جس کے لیے تمام ادارے الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولنگ سٹیشنز میں ضروری سہولیات کی فراہمی کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ ووٹرز کو الیکشن کے دن کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولیس کو انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ایک جامع پلان تیار کرنے، حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے، پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھانے اور انٹیلی جنس نیٹ ورک کو ہائی الرٹ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی مٹیاری سید اصغر علی شاہ نے کہا کہ عام انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی جانب سے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع پلان تیار کر لیا گیا ہے۔

اجلاس میں ایس ایس پی مٹیاری سید اصغر علی شاہ، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر مسعود احمد قریشی، ریٹرننگ آفیسر این اے 216 مونس احمد، ریٹرننگ آفیسر پی ایس 56 عابد قمر، ریٹرننگ آفیسر پی ایس 57 عبدالستار شیخ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر امیر بخش سہتو اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔