بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی ، پرویز الٰہی کی کاغذات مسترد کرنے کیخلاف درخواستیں خارج

فل بنچ نے حماد اظہراور صنم جاوید کی بھی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف درخواستیں خارج کر دیں

بدھ 17 جنوری 2024 22:17

بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی ، پرویز الٰہی کی کاغذات مسترد کرنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی ،سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی ، حماد اظہراور صنم جاوید کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواستیں خارج کر دیں۔لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، لارجر بینچ نے بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں دی۔

لاہور ہائیکورٹ نے آر او اور ایپلٹ ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم دے دیا، بانی پی ٹی آئی کے این اے 122اور این اے 89سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے تھے۔شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست پر بھی سماعت ہوئی، لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے، شاہ محمود قریشی نے این اے 150، این اے 151اور پی پی 218سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کی 4حلقوں سے کاغذات مسترد کرنے کے خلاف درخواست خارج کی گئی ہے، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 3رکنی فل بینچ نے فیصلہ سنایا، پرویز الٰہی کے این اے 64، 69اور پی پی 32، 34سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے۔لاہور ہائیکورٹ میں حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، لارجر بینچ نے حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے حماد اظہر کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دی، حماد اظہر نے این اے 129 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ریٹرننگ آفیسر اور ایپلٹ ٹریبونل نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے، عدالت ایپلٹ ٹریبونل اور ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر الیکشن لڑنے کی اجازت دے، لاہور ہائیکورٹ نے آر او اور ایپلٹ ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائی کورٹ نے صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواست پر بھی فیصلہ جاری کر دیا، عدالت نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواست خارج کر دی، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔