مسلم لیگ (ن)اور مرکزی جمعیت اہلحدیث کا ملکر الیکشن لڑنے کا اعلان

ہفتہ 20 جنوری 2024 19:43

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)اور مرکزی جمعیت اہلحدیث نے سرگودھا شہر کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 84 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 75 میں مل کر الیکشن لڑنے اور بھرپور قوت کا مظاہرہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) کے حلقہ این اے 84 سے اُمیدوار قومی اسمبلی سابق ایم پی اے ڈاکٹر لیاقت علی خان اور حلقہ پی پی 75 سے اُمیدوار سابق ایم پی اے و ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) چوہدری عبدالرزاق ڈھلوں نے مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے سرپرست ِاعلی مولانا محمد سبطین شاہ نقوی سے ملاقات کی۔

اس موقع پر جمعیت اہلحدیث کے سٹی امیر عرفان اللہ ثنائی،ناظم میاں طاہر محمود،ناظم مالیات شیخ سعید اختر کوہلی،ناظم اطلاعات امیر افضل اعوان اور دیگر موجود تھے، جنہوں نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے قومی اور صوبائی دونوں حلقوں میں مل کر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا۔ اُمیدوار قومی اسمبلی ڈاکٹر لیاقت علی خان اور صوبائی امیدوار عبدالرزاق ڈھلوں نے کہا کہ عوام علماء اکرام کااحترام کرتے ہیں جن کے شانہ بشانہ شہر کی تعمیر و ترقی اور مذہبی بھائی چارے کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں اور کوشاں رہیں گے۔