جماعت اسلامی کوعوامی خدمت کا موقع دیا گیا تو ملک ترقی یافتہ ، عوامی خوشحالی یقینی ہو گی، ڈاکٹر انوار الحق

پیر 22 جنوری 2024 17:50

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2024ء) جماعت اسلامی کے حلقہ این اے 172 سے امیدوار قومی اسمبلی ڈاکٹر انوارالحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کوعوامی خدمت کا موقع دیا گیا تو ملک ترقیافتہ اور عوامی خوشحالی یقینی ہو گی، اقتدار میں آکر پسماندہ علاقوں اور ان کے مکینوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائیں گے،ضلع رحیم یارخان آئندہ انتخابات میں ”ترازو“ پر مہر لگا کر اپنا روشن مستقبل یقینی بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے حلقہ این اے 172 سے امیدوار قومی اسمبلی ڈاکٹر انوارالحق، حلقہ پی پی 262 سے امیدوار صوبائی اسمبلی فیصل جاوید، حلقہ پی پی 263 سے امیدوار صوبائی اسمبلی سید سجاد محمود، ضلعی امیر جماعت اسلامی ڈاکٹرعمرفاروق شیخ نے شاہی روڈ پر جماعت اسلامی کے مرکزی الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر کارکنان اور ووٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے جنرل الیکشن میں جماعت اسلامی کو مینڈیٹ دے کر اقتدار تک پہنچایا تو جماعت اسلامی عوام کو بے روزگاری، مہنگائی، لاقانونیت، عدل و انصاف کی عدم فراہمی، بنیادی سہولیات کی کمی سے عملی طور پر نجات دلائے گی۔ جماعت اسلامی کے امیدواران صوبائی اسمبلی فیصل جاوید اور سید سجاد محمود نے کہا کہ عوام آئندہ عام انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواروں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کریں،حلقہ کے عوام سے وعدہ کرتے ہیں کہ انہیں مایوس نہیں کریں گے، ووٹرز اور کارکنان اپنے حقوق کے حصول کے لئے جماعت اسلامی کا بھر پور ساتھ دیں۔

ضلعی امیر جماعت اسلامی ڈاکٹرعمر فاروق شیخ نے کہا کہ ضلع رحیم یارخان کے عوام خدمت خلق کے جذبے سے سرشار جماعت اسلامی کے امیدواران کو ووٹ دے کر اپنے قیمتی ووٹ کا صحیح استعمال کریں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے کارکنان اور ووٹرز کی کثیر تعداد موجود تھی۔