جماعت اسلامی کے تحت احسن آباد میں پی ایس 97 کے مرکزی الیکشن آفس کا افتتاح

ووٹ کو تقسیم نہیں، تبدیلی اور جیت کا نشان صرف ترازو ہے، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کا خطاب

پیر 22 جنوری 2024 19:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2024ء) جماعت اسلامی کے تحت احسن آباد معماراپارٹمنٹس میں پی ایس 97 کے مرکزی الیکشن آفس کا افتتاح کردیا گیا۔جس میں نامزد امیدواران ، مقامی ذمے داران اور معزین علاقہ سمیت کارکنان بڑی تعداد میں شریک تھے۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و نامزد امیدوار این اے 235 ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے اپنے خطاب میں کہاکہ شیرکا شکار کرنے والے بلاول بھٹو دو سال تک پی ڈی ایم حکومت میں شیر کے ساتھ مل کر دونوں عوام کا شکار کر رہے تھے جس وجہ سے ملک مقروض اور مہنگائی سے عوام کا جینا مشکل بنا دیا گیا ہے،کراچی کے دعویداروں نے عوام کے مینڈیٹ کی سودی بازی کرکے شہر کراچی کو کچرا کنڈی اور وڈیروں کے حوالے کردیا ہے جو اپنے قائد کے وفادار نہیں بن سکے وہ کراچی کے وفادار کیسے بنیں گے کراچی اب جاگ گیا ہے 8 فروری ظالم وڈیرہ شاہی جاگیرداری سرمایہ داروں و امریکی یاروں کی شکست اورغلامانہ مصطفی ؐ کی فتح کا دن ہے۔

(جاری ہے)

پی ایس 97 کے امیدوار خالد صدیقی نے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کے دلوں کی آواز بن چکی ہے، حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں جماعت اسلامی نے گیس بجلی بحران شناختی کارڈ یا کورونا ہو ہمیشہ عوام کے حقوقِ کی جنگ لڑی ہے اس لیے 8 فروری کو عوام شیر و تیر دونوں کا شکار کریں گے۔ مقامی رہنما امین اشعر نے کہاکہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نجات اور کراچی کی رونقیں بحال صرف دیندار و دیانتدار قیادت ہی کرسکتی ہے۔

عوام 8 فروری کے انتخابات میں ترازو پر مہر لگاکر جماعت اسلامی کے نامزد امیدواروں کامیاب کریں۔اس موقع معززین علاقہ راجہ شبیراحمد،حاجی طورخان،گلبدین حکمت یار،محمد عبداللہ ہادی، میراحمدچنا بھی موجود تھے۔دریں اثناء ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کارکنان کے ہمراہ احسن آباد بازار کا گشت کرکے دکانداروں اورٹھیلے والوں سے ملاقات اورتروزوکو ووٹ دینے کی اپیل کی ۔