بجلی اور گیس بحران نے عوام کا جینامحال کردیا ہے، قاضی فیض رسول

پیر 22 جنوری 2024 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2024ء) تحریک اہلسنّت پاکستان کے مرکزی چیئرمین پیر قاضی محمدفیض رسول رضوی نے کہاہے کہ ملک بھر میں بجلی اور گیس بحران نے عوام کا جینامحال کردیا ہے، بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے، ایک طرف تو گیس ساراسارادن آتی نہیں تو دوسری جانب بھاری بھرکم بل عوام کے لئے وبال جاں بن گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک میں ہر طرف معاشی بحران ہے، گیس کی قیمتوں میں ہونے والا شرمناک اضافہ نگراں حکومت پر سوالیہ نشان ہے،کم آمدنی والے طبقے دہاڑی دار مزدورپیشہ عوام کی ہی زندگی اجیرن نہیں بلکہ سفید پوش طبقہ بھی ذہنی طور پر مفلوج ہوچکاہے۔

انہوں نے مطالبہ کیاکہ نگراں حکومت کو اس حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ نگراں حکومت سے عوام کو ریلیف کی توقع تھی لیکن لگتاہے کہ نگراں حکمرانوں کی توجہ کسی اور جانب ہے ،عوام کا کسی کواحساس نہیں ، حکمراں طبقے کا یہ رویہ انتہائی افسوسناک ہے ۔ نگراں حکمرانوں کو چاہئے کہ اس جانب توجہ دیں اور فوری طور پر عوام کو ریلیف دینے کے لئے بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی ممکن بنائیں۔