مانسہرہ ڈویژن سے قومی اسمبلی کی 7 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی 18 نشستوں پر 356 امیدوار مدمقابل

جمعرات 25 جنوری 2024 17:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2024ء) مانسہرہ ڈویژن سے قومی اسمبلی کی سات اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی 18 نشستوں پر 356 امیدوار مدمقابل ہیں، 34 لاکھ 30 ہزار 456 رجسٹرڈ ووٹرز 8 فروری کو آئندہ پانچ سال کیلئے ان امیدواروں میں سے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان، مرتضیٰ جاوید عباسی اہم امیدواروں میں شامل ہیں۔

''اے پی پی'' کو دستیاب تفصیلات کے مطابق مانسہرہ ڈویژن سے قومی اسمبلی کی سات نشستوں پر 91 جبکہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی 18 نشستوں پر 265 امیدوار میدان میں ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 12 کوہستان اپر ، کوہستان لوئر اور کولائی پالس کے اضلاع پر مشتمل ہے جہاں پر کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 96 ہزار 125 ہے، یہاں سے 14 امیدوار مدمقابل ہیں جبکہ یہاں سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 31 کوہستان اپر سے 32، پی کے 32 کوہستان لوئر سے 20 اور پی کے 33 کولائی پالس سے 14 امیدوار مدمقابل ہیں۔

(جاری ہے)

این اے 13 بٹگرام میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 28 ہزار 902 ہے جبکہ یہاں سے 11 امیدوار میدان میں ہیں۔ اسی طرح خیبرپختونخوا کے حلقہ پی کے 34 بٹگرام سے 8 اور پی کے 35 بٹگرام 11 امیدوار میدان میں ہیں۔ ضلع مانسہرہ اور تورغر سے قومی اسمبلی کی دو اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی 6 نشستیں ہیں، یہاں پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 27 ہزار 893 ہے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 14 مانسہرہ سے 8 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ این اے 15 مانسہرہ تورغر سے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ محمد نواز شریف سمیت 16 امیدوار میدان میں ہیں، یہاں سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 36 مانسہرہ I سے 12، پی کے 37 مانسہرہ II سے 14، پی کے 38 مانسہرہ III سے 15، پی کے 39 مانسہرہ IV سے 14، پی کے 40 مانسہرہ V سے 9 جبکہ پی کے 41 تورغر سے 7 امیدوار میدان میں ہیں۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 16 ایبٹ آباد سے سابق وزیراعلیٰ و گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان اور سابق ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی سمیت 16 امیدوار مدمقابل ہیں جبکہ این اے 17 ایبٹ آباد سے 11 امیدوار مدمقابل ہیں۔ ضلع ایبٹ آباد میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 9 لاکھ 52 ہزار 621 ہے، یہاں سے خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے۔ 42 ایبٹ آباد I سے 16، پی کے۔

43 ایبٹ آباد II سے 19، پی کے۔44 ایبٹ آباد III سے 16 اور پی کے۔45 ایبٹ آباد IV سے 18 امیدوار مدمقابل ہیں۔ ضلع ہری پور میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 7 لاکھ 24 ہزار 915 ہے جبکہ یہاں سے قومی اسمبلی کی ایک نشست این اے۔18 پر 15 امیدوار مدمقابل ہیں جبکہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے۔46 ہری پور I سے 14، پی کے۔47 ہری پور II سے 10 اور پی کے۔48 ہری پور III سے 16 امیدوار مدمقابل ہیں۔ \395