ڈپٹی کمشنرشانگلہ ضیاءالرحمان کے زیرصدارت الیکشن کے انتظامات کے حوالےسے اجلاس منعقد

جمعہ 26 جنوری 2024 11:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2024ء) ڈپٹی کمشنرشانگلہ ضیاءالرحمان کے زیرصدارت الیکشن کے انتظامات حوالےسے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شانگلہ سجاد احمد صاحبزادہ ،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عنایت اللہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شانگلہ ،ریٹرننگ افسر این اے 11 محمدعدنان خٹک، تمام اسسٹنٹ کمشنرزاور متعلقہ محکموں کےحکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پولنگ سٹیشنوں میں سیکورٹی اور الیکشن کے حوالے سے تمام امور زیر غور لائے گئے اور ضروری فیصلے کئے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شانگلہ نے کہا کہ انتخابی عمل کی موثرنگرانی اوردرپیش مسائل کے فوری حل کیلئے اُن کے دفتر میں الیکشن کمپلینٹ سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔پولنگ سٹیشنوں میں تمام تیاریاں اور انتظامات جلد سے جلد مکمل کئے جائیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سیکورٹی اور ریسکیو 1122کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے،متعلقہ محکموں کے اہلکار، محکمہ جنگلات، وائلڈ لائف، ایکسائیز،اینٹی کرپشن، بہبود آبادی، صحت سمیت شہری دفاع سے بھی رضاکار پولیس کی معاونت کے لئے دستیاب ہونگے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر شانگلہ ضیاءالرحماں نے ضلع بھر میں بلاتعطل انتخابات کے عمل کو یقینی بنانے اور الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کی بھی ہدایت کی جبکہ برفباری والے علاقوں میں پولنگ سٹیشنوں کے لیے سڑکوں کی صفائی، انتخابی مواد کی محفوظ ترسیل، انتخابی سامان کے لیے گاڑیوں کا انتظام، سڑکوں پر برف صاف کرنے والی مشینری کی موقع پر دستیابی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پرتمام متعلقہ محکموں سے فوکل پرسنز نامزد کر کے انہیں ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ڈپٹی کمشنر شانگلہ نے مزید کہا کہ پر امن اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہماری اولین ترجیح ہے، تمام افسران دیانتداری سے قومی فریضہ ادا کریں اور الیکشن کمیشن کی مکمل معاونت کریں۔ڈپٹی کمشنر شانگلہ نے ہدایت کی کہ محکمہ سیاحت، بلدیات، ٹی ایم اے،سی اینڈ ڈبلیو، پی کے ایچ اے اور دیگر ادارے برفانی علاقوں میں کوآرڈینیشن سے کام جاری رکھیں۔