جماعت اسلامی کے زیر اہتمام”جلسہ اعلان کراچی“ اتوار کو باغ جناح میں منعقد ہوگا

ہفتہ 27 جنوری 2024 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2024ء) جماعت اسلامی کے تحت عام انتخابات کی تیاریوں اور عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں اتوار کو شام 6بجے،باغ جناح گراؤنڈ میں ”جلسہ اعلان کراچی“ منعقد ہو گا،جس میں شہر بھر سے شہری،جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے، قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواران شریک ہوں گے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن جلسے سے خصوصی خطاب کریں گے۔

دریں اثناء حافظ نعیم الرحمن نے عام انتخابات و جلسہ اعلان کراچی کی تیاریوں اور رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں اپنے حلقہ انتخاب این اے 250 کا دورہ کیا، مسلم ٹاؤن، نارتھ کراچی میں جلسے اور متعدد مقامات پر کارنر میٹنگز سے خطاب و معززین علاقہ کے ساتھ نشستوں میں گفتگو کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ جلسہ اعلان کراچی میں بھر پور شرکت کریں اور اپنی فیملی و احباب کے ہمراہ باغ جناح پہنچیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جلسہ اہل کراچی کا ترجمان ہو گا اور عوام 8فرور ی سے قبل ہی عام انتخابات کا فیصلہ دے دیں گے۔حافظ نعیم الرحمن دورے کے دوران موسیٰ کالونی، شادمان ٹاؤن، بی اماں پارک، ناگن چورنگی اور مسلم ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں گئے، علاقہ مکینوں سے ملاقاتیں کیں، کارنر میٹنگوں سے خطاب کیا۔ صدیق اکبر مسجد نارتھ کراچی، بہار مسجد ,موسیٰ کالونی میں نمازیوں سے ملے، جگہ جگہ ان کا استقبال کیا گیا، ہار پہنائے گئے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔