پنجاب ، انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر جرمانے اور نوٹسز جاری

پیر 29 جنوری 2024 20:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2024ء) الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان کی ہدایات پرصوبہ پنجاب میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران اور مانیٹرنگ ٹیموں نے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے خلاف ورزیوں پر قانون کے مطابق فوری کارروائیاں کیں۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ساہیوال نے این اے 142 ساہیوال کے امیدوار عثمان علی کوترقیاتی منصوبے کا افتتاح کرنے پر نوٹس جاری کیا ،امیدوار عثمان علی آج ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے سامنے وضاحت کیلئے پیش ہونگے ۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ملتان نے خلاف ضابطہ تشہیری مواد پر امیدواران رانا قاسم نون ، عبدالقادر گیلانی اور دیگر کو نوٹسز جاری کئے۔ ڈی ایم اوملتان کی طرف سے ملتان میں شاہد محمود خان اورعلی موسی گیلانی سمیت 12 امیدواران کو نوٹسزجاری گئے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے این اے 46 اسلام آباد میں تین امیدواران کو غیر قانونی طور پر انتخابی کیمپ بنانے پر نوٹسز جاری کئے اور این اے 48 اسلام آبادمیں بھی امیدوار ملک عبدالعزیز کو بغیر اجازت کار ریلی نکالنے پر نوٹس جاری کئے گئے۔

صوبہ پنجاب کے حلقہ پی پی 64 گوجرانوالہ سے امیدوار عمرفاروق ڈار اور عاصم اشرف کو انتخابی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کئے گئے ۔ پی پی 30 گجرات امیدوار عتیق الزمان ڈوگر کو اوورسائز پینا فلیکس لگانے پر نوٹس جاری کیا گیا جبکہ خانیوال کے چھ امیدواران کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وارننگز جاری اور مظفر گڑھ میں امیدوار میاں علمدارحسین کو انتخابی مہم کیلئے پبلک پراپرٹی استعمال کرنے پر نوٹس جاری کئے گئے۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ساہیوال نے این اے 142 امیدوار عثمان علی پر 50ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے امیدوار عثمان علی کو 30جنوری تک سرکاری خزانے میں جرمانہ جمع کروانے کی ہدایات جاری کیں۔ڈی ایم او ساہیوال نے بھی پی پی 200امیدوار احمد علی پر بھی بلا اجازت کار ریلی پر 50ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔جبکہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر منڈی بہائوالدین نے پی پی 42 امیدوار ساجد احمد خان پر 25ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ڈی ایم او نے ساجد احمد کو یکم فروری تک سرکاری خزانے میں جرمانہ جمع کروانے کے احکامات جاری کئے ساجد علی نے انتخابی مہم کے دوران خلاف ضابطہ تشہیری مواد آویزاں کیاتھا۔