Live Updates

انتخابی مہم کے دوران پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے امیدواروں کا آمنا سامنا

یوسف رضا گیلانی اور بیرسٹر تیمور ملک بغل گیر ہو گئے، دلچسپ جملوں کا بھی تبادلہ بھی ہوا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 2 فروری 2024 13:04

انتخابی مہم کے دوران پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے امیدواروں کا آمنا ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 فروری2024ء) الیکشن 2024میں چند دن باقی رہ گئے ہیں، سیاسی پارٹیوں اور امیدواروں کی طرف سے انتخابی مہم عروج پر پہنچ چکی ہے اور بھر پور انتخابی گہما گہمی نظر آرہی ہے،انتخابی اجتماعات کاسلسلہ بھی جاری ہے، رات گئے تک سیاسی اجتماعات اور کارنر میٹنگز منعقد کی جا رہی ہیں۔ملتان این اے 148 کے بازار میں انتخابی مہم کے دوران پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کا آمنا سامنا ہوا۔

پیپلز پارٹی کے امیدوار یوسف رضا گیلانی اور تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر تیمور مرزا ملک کی اچانک ہونے والی ملاقات قہقہوں میں بدل گئی۔اس دوران دلچسب جملوں کا بھی تبادلہ ہوا۔دنوں امیدوار بغل گیر ہوئے اور ایک دوسرے کا حال احوال بھی پوچھا۔

(جاری ہے)

یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ موجود لوگوں نے بیرسٹر تیمور مرزا سے ووٹ بھی مانگا۔بیرسٹر تیمور نے اس موقع پر کہا کہ اللہ تعالیٰ عمران خان کو کامیان کرے۔

سوشل میڈیا پر مخالف سیاسی امیدواروں کے آپس میں بغل گیر ہونے کے عمل کو سراہا جا رہا ہے۔
۔اسی طرح گذشتہ روز مسلم لیگ (ن )کے رہنما کیپٹن (ر)محمد صفدر کا الیکشن مہم کے دوران پی ٹی آئی کا جھنڈا تھامے بچے سے سامنا ہوا تو وہ رک گئے اور اس کو پیار کیا۔سوات کے علاقے مینگورہ میں (ن )لیگ کی جانب سے جلسے کا انعقاد کیا گیا ، نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر جلسہ گاہ میں شرکت کے لیے پہنچے تو جلسہ گاہ کے باہر ایک بچہ پی ٹی آئی کے جھنڈے اٹھائے کھڑا تھا۔اس موقع پر کیپٹن (ر)محمد صفدر خود چل کر بچے کے پاس آئے، اسے گلے لگایا اور پیار کیا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور صارفین کیپٹن محمد صفدر کے رویے کی تعریف کر رہے ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات