مرکزی مسلم لیگ کے تحت نارتھ ناظم آباد میں جلسہ عام کا انعقاد

جمعہ 2 فروری 2024 17:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2024ء) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کہا کہ پاکستان کو چلانے والا سب سے بڑا شہر بنیادی انسانی ضروریات سے محروم ہے۔نئی سوچ چنو کا نعرہ لگانے والوں کو الیکشن قریب آتے ہی ترقیاتی کام یاد آگئے ہیں۔الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔8فروری مستقبل کا دن ، عوام سیاسی جماعتوں کے شور سے متاثر نہیں ہوں گے ۔

بلکہ اس بار شعور کو ووٹ دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ ناظم آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسہ عام میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اور اس بار سیاسی شعور کو اجاگر کرنے کا عزم کیا۔ جلسہ عام سے مرکزی مسلم لیگ کے رہنما انجینئر نعمان علی ،این اے 250 کے امیدوار بلال حیدر،پی ایس 129کیامیدواراقبال،پی ایس 130 کے امیدوار فیصل رحمن ، مفتی محمد یوسف کشمیری ، شفیع احمد ، صائمہ سلطان ، عبدالرحمن ، انجینئر خضر ، فضیل عباس ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے احمد ندیم اعوان کا کہنا تھا کہ کراچی پر تین بار حکومت کرنے والے اپنے علاج کے قابل ایک ہسپتال بھی نہیں بنا سکے۔ساری سیاسی جماعتیں مہنگائی کا واویلا کرتی رہیں لیکن پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے عملی میدان میں کردار ادا کرتے ہوئے عوامی سہولت منصوبے شروع کیے ۔ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے پلٹ کر بھی عوام کی طرف نہیں دیکھتے۔

عوام اس الیکشن میں اپنے شعور کو اجاگر کرتے ہوئے شور کو نہیں شعور کو ووٹ دیں گے ۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ عوامی طاقت رکھنے والی سیاسی جماعت ہے ۔ 4 فروری کو بیت المکرم کے سامنے منگل بازار گرانڈ گلشن اقبال میں عوامی پاور شو کریں گے ۔ 8 فروری عوام کی حقیقی خدمت کرنے والوں کی جیت ہوگی۔ عوام کرسی کے نشان پر مہر لگا کر باکردار اور خدمت گزار امیدواروں کو کامیاب بنائیں ۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رہنما انجینئر نعمان علی نے کہا کہ کراچی کے شہری بنیادی ضروریات زندگی کے لیے سسک رہے ہیں ۔ مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار الیکشن جیت کر عوام کے وسائل عوام تک پہنچائیں گے ۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلال حیدر کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل دیکھ کر دکھ ہوتا ہے ۔ حکمرانوں نے عوام کو نعروں میں الجھا کر قومی خزانے کو سمیٹتے رہے۔