سندھ کے غیور عوام 8 فروری کو15 سالہ کرپٹ ترین دور کا خاتمہ اپنے ووٹ سے کریں گے ،علامہ راشد محمود سومرو

ہفتہ 3 فروری 2024 22:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2024ء) جمعیت علما اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہاہے کہ سندھ کے غیور عوام 8 فروری کو15 سالہ کرپٹ ترین دور کا خاتمہ اپنے ووٹ سے کریں گے ہمارے بینرز اور پارٹی پرچموں کو برداشت نہ کرنے والے وڈیروں کو انتخابی نتائج سے غشی کے دورے پڑنے کا خطرہ محسوس کررہا یوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 194 اور این اے 193 کے علاقوں لاڑکانہ، گڑھی یاسین ، دامراہ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ علامہ راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ سندھ کے وسائل کا سودا کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی ، عوام جانتے ہیں سندھ کو کچے اور پکے ڈاکو پندرہ سال سے دونوں ہاتھوں سے ملکر لوٹ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

سندھ کے عوام کو اب لٹیروں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑیں گے ۔ ان کا کہنا تھا سندھ کے وسائل کو چوری کرنا سندھ سے غداری کے مترادف ہے فیصلہ کن مرحلہ آچکا ہے اب دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگا ، وہ وقت گزر چکا جب سندھی عوام کے ضمیر کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور ووٹ خرید کر نتائج تبدیل کئے جاتے تھے ۔ انہوں نے کہ جمعیت علمائے اسلام اپنے اتحادیوں سے ملکر سندھ کو مسائل کے دلدل سے نکالے گی عوام 8 فروری کو کتاب پر مہر لگاکر روشن مستقبل کی بنیاد رکھیں گے۔درین اثنا سابق وزیر اعظم محمد میاں سومرو نے سندھ کے عوام سومرو برادری کے نام پیغام میں جییوآئی کو حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ سندھ کے عوام 8 فروری کو انتخابی نشان کتاب پر مہر لگائیں ۔