بلاول بھٹو یک نئی سوچ کے ساتھ ملک و عوام کی خدمت کرنے کا عزم لے کر نکلے ہیں‘ عمر رحمن ملک

حلقہ کے عوام چیئرمین بلاول بھٹو کو ووٹ دے کر کامیاب کروائیں، مسائل کو حل کریں گے ‘ کارنر میٹنگ سے خطاب

اتوار 4 فروری 2024 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی اسلام آباد کے ڈیجیٹل ہیڈ و سابق مشیر وزیر اعلی سندھ عمر رحمن ملک نے کہا ہے کہ حلقہ کے عوام چیئرمین بلاول بھٹو کو ووٹ دے کر کامیاب کروائیں، بلاول بھٹو زرداری ایک نئی سوچ کے ساتھ ملک و عوام کی خدمت کرنے کا عزم لے کر نکلے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ این اے 127 اور پی پی 160کی یونین کونسل 229میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر علی رحمان ملک، سیکرٹری ریکارڈ اینڈ ایونٹس پی پی پی وسطی پنجاب احسن رضوی،محسن حسن ، حاجی حنیف جٹ، ریاض جٹ و دیگر بھی موجود تھے ۔عمر رحمن ملک نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے شہید بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے مشن کو مکمل کریں گے،ہم پرانے سیاستدانوں کی طرز پر سیاست نہیں کر رہے، جو وعدہ کر کے اپنے علاقہ کے لوگوں کی خبر تک نہیں لیتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج اس علاقے کی بدترین حالت دیکھ کر بہت دکھ ہوا،ہم وعدہ کرتے ہیں بلاول بھٹو زرداری کو کامیاب کروائیں ، علاقہ کے مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھ کر حل کریں گے ۔عمر رحمن ملک نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی معاشی معاہدہ پر عملدرآمد کرکے عوام کو ریلیف دے گی، پیپلز پارٹی کی حکومت بینظیر انکم سپورٹ کو وسعت دے گی،پروگرام وسیلہ حق کے تحت غریب و مستحقین عورتوں کو بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے،بلاول بھٹو زرداری حلقہ میں صاف پانی اور بہترین سہولیات فراہم کریں گے، 8فروری کو عوام تیر پر مہر لگا کر پیپلز پارٹی کو کامیاب کروایں۔