8 فروری کا سورج جی ڈی اے کی کامیابی کے ساتھ طلوع ہوگا،سردار عبدالرحیم

منگل 6 فروری 2024 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2024ء) کراچی کے علاقہ رنچھوڑ لائن شو مارکیٹ میں این اے 240 اور پی ایس 108 کے تحت جی ڈی اے کا شاندار جلسہ منعقد ہوا،جلسے میں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں اور جی ڈی اے کے کارکنان نے شرکت کی، شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا کہ 8 فروری کا سورج جی ڈی اے کی کامیابی کے ساتھ طلوع ہوگا،اور یہ دن سندھ کو بنجر بنانے والوں کی شکست کا دن ہوگا، سسٹم کے بانیوں کی کراچی میں ریلی بری طرح ناکام ہوگئی ہے،کراچی کے عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے جبکہ پنجاب کی عوام نے بھی سسٹم مافیا کو مسترد کردیا ہے،انہوں نے کہا کہ سندھ کو کھنڈر بنانے والے پنجاب کا بجٹ بھی ہڑپ کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں یہ اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہونگے انہوں نے کہا کہ پیر صاحب پگارا کے فلسفہ متحد سندھ مضبوط پاکستان کو ضرور کامیابی ملے گی،کراچی کے لیے مختص ترقیاتی بجٹ منصوبوں میں لگانے کے بجائے زرداری لیگ نے " ٹھکانی" لگا دیا اور اب صورتحال یہ ہے کہ دو روز قبل معمولی بارش میں شہر اور شہریوں کا جو حشر ہوا وہ سب کے سامنے ہے لوگ کئی کئی گھنٹے پانی اور بدترین ٹریفک جام میں بے یارو مددگار پھنسے رہے،سردار عبدالرحیم نے کہا کہ جی ڈی اے اور اتحادی کامیاب ہوکر کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام کو مسائل سے نجات دلائیں گے،سندھ میں آئندہ حکومت جی ڈی اے اور اسکے اتحادی بنائیں گے،جلسہ سے این اے 240 سے جی ڈی اے امیدوار شمائلہ رزاق اور پی ایس 108 کے امیدوار سید خرم شاھ جیلانی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ جلسے گاہ میں نعیم سجاد،عبدالقادر ہاشمانی،اسامہ جعفری طارق سلاوٹ ،عمران کوتوال ،شہزاد سوریا اور دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

جلسہ کے اختتام پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، جلسہ گاہ میں موجود خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں نے پیر پاگارا، جی ڈی اے کے حق میں اور روٹی کپڑا اور بنیادی سہولیات سے کرنے والوں کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔