نگراں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے ملک کے پہلے ای روزگار سنٹر کا افتتاح کردیا

منگل 6 فروری 2024 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2024ء) نگراں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے ملک کے پہلے ای روزگار سنٹر کا افتتاح کردیا۔ای روزگار سینٹر ایکسل کنسلٹنگ سروسز کے تعاون سے نیشنل ٹیسٹنگ سروسز (این ٹی ایس) کی عمارت میں قائم کیا گیا ہےاور اس میں فری لانسرز کے لیے تمام سہولیات سے آراستہ 100 ورک سٹیشن ہیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ایم او آئی ٹی ٹی عائشہ حمیرا موریانی، ممبر آئی ٹی سید جنید امام، پراجیکٹ ڈائریکٹر امیر احمد، چیئرمین ای سی سروسز، نذیر قریشی، ایم او آئی ٹی ٹی، این ٹی ایس، پی ایس ای بی کے حکام اور فری لانسرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ سنٹر کے قیام کے بعد اب ملک بھر میں 10 ہزار ای روزگار سنٹرز کے قیام کا منصوبہ باضابطہ طور پر شروع ہوا، اور ہم نے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ بھی پورا کر دیا۔

(جاری ہے)

یہ سہولیات تیز رفتار انٹرنیٹ، یو پی ایس ، تربیتی مراکز، انفرادی کیبن، میٹنگ رومز اور اسٹارٹ اپس کے لیے علیحدہ آفس رومز پر مشتمل ہیں۔ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ اس عظیم منصوبے کی تکمیل سے جلد ہی آئی ٹی کی برآمدات میں سالانہ 10 بلین ڈالر کا اضافہ ہو سکتا ہے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت یہ مراکز فری لانسرز کی صلاحیت اور آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ کر سکیں گے۔

جبکہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی ) ان مراکز کے لیے فری لانسرز اور مطلوبہ تکنیکی مدد فراہم کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ دیگر شہروں میں بھی ای روزگار مراکز تکمیل کے قریب ہیں۔ ہم نے پاکستان میں ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کے لیے تمام مطلوبہ اقدامات کیے ہیں، اور ہم نے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر "ٹیکنالوجی کی منزل" قرار دینے کے لیے تمام دستیاب فورمز کا بھی استعمال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگراں دور حکومت کے مختصر عرصے میں آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر سے متعلق سخت ترین فیصلے لیے گئے ہیں۔ یہ صرف اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل ( ایس آئی ایف سی ) کے اہم ترین فورم کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی حکومت کے لیے سازگار ماحول اور ڈیجیٹل پاکستان کا مکمل روڈ میپ بنایا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ نومنتخب حکومت پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی ۔