عوامی مینڈیٹ سے کامیابی حاصل کرکے ملکی تعمیر وترقی کا سفر وہیں سے شروع کریں گے جہاں چھوڑا تھا، رانا ثنااللہ

منگل 6 فروری 2024 22:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر و امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے100 فیصل آباد رانا ثنا اللہ خاں نے کہا ہے کہ فیصلے کی گھڑی آپہنچی ہے،8 فروری کے انتخابات میں عوامی مینڈیٹ سے کامیابی حاصل کرکے ملکی تعمیر وترقی کا سفر وہیں سے شروع کریں گے جہاں چھوڑا تھا،پاکستان کی جغرافیائی اہمیت بہت زیادہ ہے۔

چک نمبر 4 رام دیوالی میں الیکشن مہم کے اپنے آخری انتخابی جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے منصوبوں پر کام جاری تھا، فیکٹریاں کارخانے لگ رہے تھے مگر ایک صاحب آئے اور سب کچھ دھرا کا دھرا رہ گیا،اس نے ترقی کرتے ہوئے پاکستان کا بھٹہ بٹھا دیا،احتساب کے نام پر نفرت،گالم گلوچ اور بد تمیزی کے کلچر کو پروان چڑھایا۔

(جاری ہے)

2013 کے بعد جو ترقی کا سفر شروع ہوا وہ 2018 میں رک گیا،اسے ہر کسی کی کرپشن نظر آتی تھی مگر فرح گوگی کی نہیں،وہ وزیر اعظم ہاؤس میں بیٹھ کر ٹرانسفر پوسٹنگ کے بھی پیسے پکڑتی تھی۔

چین جیسے ملک کے ساتھ انکوائریاں شروع کر دیں اور وہ منصوبے جو 2022 میں مکمل ہونے تھے وہ 2024 میں بھی مکمل نہ ہو سکے اور اس سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کوشش کر کے اس منصوبے کو کچھ حرکت دی ،اس نے40 ارب ڈالر کی انویسٹمنٹ گنوا دی، ہر ہر فرد اسکی نظر میں کرپٹ تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل صورتحال میں ہے اور یہ مشکل صورتحال جو ہے یہ پچھلے چار سے پانچ سالوں میں پیدا ہوئی ہے ورنہ آج سے ٹھیک پانچ سال پہلے 2017 اور 2018 میں صورتحال ایسی تو نہیں تھی کہ جس قسم کی صورتحال سے غریب اور مزدور آدمی اس وقت دو چار ہے۔

2018 میں پاکستان اپنے دو بنیادی مسائل پر قابو پا چکا تھا،انہوں نے کہا کہ یاد کریں 2013 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے میاں نواز شریف کی قیادت میں آپ سے وعدہ کیا کہ آپ ہمارے اوپر اعتماد کریں ہم قوم کو ملک کو ان مشکلات سے نجات دلائیں گے۔ آپ نے اعتماد کیا 2013 میں آپ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اقتدار دیا،اپنے ووٹ کی طاقت سے اگلے چار سال میں دونوں مسئلوں کا حل ہوا۔

دہشت گردی کا بھی خاتمہ ہوا اور لوڈ شیڈنگ کا بھی خاتمہ ہوا۔ ملک پوری طرح سے اس ٹریک پہ تھا جس ٹریک پہ چل کے ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کی جا سکتی تھی۔انہوں نے کہا کہ حالات بھی درست ہو چکے تھے، پیٹرول 65 روپے لیٹر تھا ڈالر107، 108 روپے سے آگے نہیں بڑھا تھا۔ چینی پچھلے 10 سال سے 50 روپے کلو تھی اسی طرح سے باقی چیزوں کی قیمتیں اعتدال پہ تھیں لیکن ایک سازش کے تحت اس حکومت کو ختم کیا گیا۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے قائدین کے ساتھ بیٹھ کر ان کی رہنمائی میں آپ کے علاقے آپ کے گاؤں آپ کی یونین کونسل کے جو بنیادی مسائل ہیں انشااللہ تعالیٰ ان کو حل کریں گے اور آپ کے ہر گاؤں کو ہر علاقے کو تعمیر و ترقی میں جو جو بھی چیزیں چاہئیں ان سب کو مکمل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ان کی اپیل ہے کہ8 فروری کوان کیلئے ووٹ کا حق استعمال کریں تاکہ ان کی دوبارہ خدمت کا سلسلہ شروع کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جو گھر بیٹھا رہے گا وہ ووٹ ضائع کرے گا اس لیے اس دن آپ ہمت کریں اور صبح آٹھ بجے سے پانچ بجے تک جو ٹائم ہے ایک ایک ووٹر کوپولنگ سیشن پہ لے جا کے شیر کے نشان پہ مہر لگائیں اور پاکستان کے مستقبل کو محفوظ کریں۔