عام انتخابات، کراچی میں کئی حلقوں پر کانٹے دار مقابلے دیکھے جانے کا امکان

بدھ 7 فروری 2024 18:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2024ء) الیکشن 2024 کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے، کراچی میں کئی حلقوں پر کانٹے دار مقابلے دیکھے جانے کا امکان ہے۔عام انتخابات میں کراچی کے 90 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، تاہم این اے کی 22 اور پی ایس کی 47 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔قومی وصوبائی نشستوں کے لئے 1995 امیدوار میدان ہیں، ووٹرز کے لحاظ سے کراچی کا سب سے چھوٹا حلقہ این اے 244 ہے، اس میں ایک لاکھ 55 ہزار 824 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جبکہ اس کی کل آبادی 9 لاکھ 44 ہزار 27 ہے۔

ووٹرز کے لحاظ سے کراچی کا این اے 248 سب سے بڑا حلقہ قرار دیا گیا ہے، اس حلقے میں 5 لاکھ 93 ہزار 673 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جبکہ اس کی کل آبادی 9 لاکھ 78 ہزار 169 ہے۔اس کے علاوہ پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں،پولنگ اسٹیشنز کے باہر پولیس رینجرز اور آرمی کے جوان تعینات کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ بھر میں 2 کروڑ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی کا استعمال کریں گے، تاہم 19008 پولنگ اسٹیشن سندھ میں قائم کیے گئے ہیں جبکہ حساس پولنگ اسٹیشن پر کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔

ووٹ ڈالنے کے لیے اصل شناختی کارڈ کا ساتھ ہونا لازم قرار دیا گیا ہے جبکہ شناختی کارڈ کی کاپی ووٹ ڈالنے کے لیے قابل قبول نہیں۔الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ زائد المیعاد شناختی کارڈ پر ووٹ ڈالا جاسکتا ہے جبکہ شناختی کارڈ کے علاوہ پاسپورٹ، ب فارم یا ڈرائیونگ لائسنس قابل قبول نہیں۔