پشین، پی بی 47 میں آزاد امیدوار اسفندیار خان کاکڑ کے انتخابی دفتر پر موٹر سائیکل بم دھما کہ، 17افراد جاں بحق، 21زخمی

بدھ 7 فروری 2024 22:40

پشین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 فروری2024ء) بلوچستان کے ضلع پشین میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 47 میں آزاد امیدوار و سابق صوبائی وزیر اسفندیار خان کاکڑ کے انتخابی دفتر پر موٹر سائیکل بم دھماکے کے نتیجے میں 17افراد جاں بحق اور 21زخمی ہوگئے نعشوں اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو خانوزئی میں ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹراما سینٹر کوئٹہ منتقل کر دیا گیا اسسٹنٹ کمشنر کاریزات ڈھیرج کالرا کے مطابق دھماکے کے وقت آزاد امیدوار انتخابی دفتر میں موجود نہیں تھے آزاد امیدوار کے حامیوں کے مطابق دفتر میں ووٹر لسٹوں پر کام جاری تھا کہ اچانک زوردار دھماکہ ہو ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھادھماکے میں 17افراد جاںبحق ہوئے جن میں زین اللہ ، سفر محمد،عبدالرحیم، مولوی حسام الدین، سلطان محمد، نثار احمد، محمد عمر پہلوان، احسان اللہ، غفور احمد، مجیب اللہ، حاجی اعظم ، عمران ، محمد علی ، عبداللہ اور 2نامعلوم شامل ہیںاور 21زخمی ہوئے ہیں زخمیوں میں جمعہ خان، ہمایوں، زاہد خان، عابد، حسام الدین، پرویزاحمد، محمد اسماعیل ،خلیل الرحمٰن ، مطیع اللہ، عمران خالد، عبدالنافع، یعقوب ، صالح محمد، علی محمد سمیت دیگر شامل ہیں دھماکے سے لاشوں کے پرخچے اڑ گئے نزدیکی گاڑیوں دوکانوں کو بھی نقصان پہنچا لیویز اور پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا خیال رہے کہ اسفند یار کاکڑ پشین سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 سے جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے مقابلے میں آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیںوہ پشین کی 4میں سی1صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 47 پر بھی جمعیت علما اسلام کے امیدوار سابق ایم این اے مولوی کمال الدین کے مدمقابل ہیں یہ حلقہ برشور کے علاوہ خانوزئی اور تحصیل کاریزات پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

اس نشست پر اسفند یار کاکڑ کو 2013 اور2018 کے انتخابات میں جے یو آئی کے عبدالواحد صدیقی کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی تاہم 2008 میں وہ آزاد حیثیت سے کامیاب ہوکر پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے اور صوبائی وزیر بنے تھے۔اسفند یار کاکڑ کا تعلق برشور کے معروف سیاسی رہنما سرور خان کاکڑ کے خاندان سے ہے جو بلوچستان اسمبلی کے سپیکر اور صوبائی وزیر ،سینیٹر رہ چکے ہیںڈپٹی کمشنر پشین جمعداد خان مندوخیل نے سول ہسپتال ٹراما سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں پر موجود خانوزئی دھماکے کے زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی ڈپٹی کمشنر پشین جمعداد خان مندوخیل نے فردا فردا ہر زخمی کے پاس گئے اور ان سے خیریت دریافت کی اور موقع پر موجود ڈاکٹر کو بروقت اقدامات اور بہترین نگہداشت کو لائق تحسین قرار دیا انہوں نے سول ہسپتال ٹراما سینٹر میں زخمیوں کو علاج معالجہ کی طبی سہولیات بشمول ائیر مٹیریس، ٹائٹ ساکس، سکشن مشین اور پلس آکسی میٹر فراہم کرنے کی ہدایت کی ڈپٹی کمشنر پشین جمعداد خان مندوخیل نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔