ملک کے مختلف حصوں میں ووٹر بڑی تعداد میں موجود،پولنگ کا عمل جان بوجھ کر سست رکھا گیا

جہاں صبح سے سینکڑوں ووٹر موجود ہیں وہاں پولنگ اتنی سست ہے کہ پہلے چار گھنٹے میں سو سے بھی کم ووٹ ڈالے گئے۔سینئر صحافی حامد میر کا ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 8 فروری 2024 12:38

ملک کے مختلف حصوں میں ووٹر بڑی تعداد میں موجود،پولنگ کا عمل جان بوجھ ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 فروری2024 ء) ملک بھر میں آج عام انتخابات کا انعقاد ہو رہا ہے۔ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کرنے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے ہیں اور ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔پولنگ اسٹیشنز پر خواتین اور مردوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔لاہور سمیت مختلف شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی ہے۔سینئر صحافی حامد میر نے دعوی کیا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹر بڑی تعداد میں موجود ہیں لیکن پولنگ کا عمل جان بوجھ کر سست رکھا گیا ہے جہاں صبح سے سینکڑوں ووٹر موجود ہیں وہاں پولنگ اتنی سست ہے کہ پہلے چار گھنٹے میں سو سے بھی کم ووٹ ڈالے گئے۔

حامد میر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اس سستی کا انٹرنیٹ کی معطلی سے کوئی تعلق نہیں
۔

(جاری ہے)

جب کہ عام انتخابات میں سیکورٹی خدشات،ملک بھر میں موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ کی سروس معطل کر دی گئی،پولنگ کا عمل شروع ہونے سے قبل ہی اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ کی سروس متاثر ہوگئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بیشتر علاقوں میں تمام موبائل نیٹ ورکس، فور جی انٹرنیٹ بند کردیا گیا۔ ملتان میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہے، فیصل آباد، بہاولپور، ایبٹ آباد میں موبائل سروس متاثر ہو رہی ہے۔ ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔جبکہ انٹر نیٹ اور موبائل سروس کی بندش کے معاملے پر پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے رجوع کر لیا ہے۔پیپلزپارٹی نے موبائل فون اور انٹرنیٹ کی بندش کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔