گجرات کے تین پولنگ سٹیشنز پر ووٹنگ کے وقت میں 2 گھنٹے کا اضافہ

الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اور ڈی ار او گجرات کو مراسلہ لکھ دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 8 فروری 2024 16:39

گجرات کے تین پولنگ سٹیشنز پر ووٹنگ کے وقت میں 2 گھنٹے کا اضافہ
گجرات ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 فروری 2024ء ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گجرات کے تین پولنگ سٹیشنز پر ووٹنگ کے وقت میں دو گھنٹے کا اضافہ کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق این اے 62 گجرات اور پی پی 28 گجرات کے تین پولنگ سٹیشنز میں ووٹنگ کے وقت کا اضافہ کیا گیا ہے، پولنگ سٹیشن نمبر 260، 304 اور 338 کے پولنگ کے وقت میں اضافہ کیا گیا، الیکشن کمیشن نے ڈی آر او کی درخواست پر پولنگ کے وقت میں اضافہ کیا، اس کے لیے الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اور ڈی ار او گجرات کو مراسلہ لکھ دیا اور اب گجرات کے تین پولنگ سٹیشنز میں شام سات بجے تک پولنگ جاری رہے گی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان ہارون شنواری نے کہا کہ ملک بھر میں سخت حفاظتی اقدامات کے ساتھ عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل بلا تعطل اور پرامن طریقے سے جاری ہے، ابھی تک تشدد اور دھاندلی کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا، انتخابی عمل کے پرامن انعقاد کے لیے سخت سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، بڑی تعداد میں لوگ اپنے ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے اپنے متعلقہ پولنگ سٹیشنز کا دورہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولنگ سٹیشنوں پر عوام کا ٹرن آٹ تسلی بخش ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شکایات درج کرنے کے لیے ایک ہیلپ لائن قائم کی ہے، عوام ہیلپ لائن 051-111327000 پر کال کرکے یہاں 24 گھنٹے اپنی شکایات درج کر سکتے ہیں، ووٹرز 8300 پر ایس ایم ایس کے ذریعے شناختی کارڈ نمبر بھیج کر ووٹ اور پولنگ سٹیشن کی تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں، الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں میں 90 ہزار 6 سو 75 پولنگ سٹیشنز قائم کیے ہیں، آج عام تعطیل ہے تاکہ ووٹرز کو پریشانی سے پاک ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے میں آسانی ہو۔