تحریک انصاف کا پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ،الیکشن کمیشن میں باضابطہ درخواست جمع کروانے کا فیصلہ

پولنگ کے عمل کو سست روی کا شکار کرنے کی بے پناہ شکایات موصول ہوئیں،الیکشن کمیشن پولنگ کے وقت میں کم از کم ایک گھنٹے کی توسیع کرتے ہوئے پولنگ کو 6 بجے تک جاری رکھنے کا اعلان کرے۔پی ٹی آئی کا مطالبہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 8 فروری 2024 16:41

تحریک انصاف کا پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ،الیکشن کمیشن میں  باضابطہ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 فروری 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف نے پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ کر دیا۔پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان پولنگ کے وقت میں کم از کم ایک گھنٹے کی توسیع کرتے ہوئے پولنگ کو 6 بجے تک جاری رکھنے کا اعلان کرے۔پی ٹی آئی نے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باضابطہ درخواست جمع کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب خان کا کہنا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ کی بندش اور بے پناہ رکاوٹوں کے باوجود بڑی تعداد میں ووٹ کیلئے نکلنے پر عوام کے شکرگزار ہیں،الیکشن عملے کی جانب سے پولنگ کے عمل کو سست روی کا شکار کرنے کی بے پناہ شکایات موصول ہوئی ہیں،بڑی تعداد میں لوگ پولنگ سٹیشنز کے باہر اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلئے موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان پولنگ کے وقت میں کم از کم ایک گھنٹے کی توسیع کرتے ہوئے پولنگ کو 6 بجے تک جاری رکھنے کا اعلان کرے ۔ زیادہ سے زیادہ ووٹرز کو اپنے ووٹ کے حق کے استعمال میں معاونت کی جائے اور انہیں ووٹ ڈالنے کا موقع دیا جائے۔ادھر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گجرات کے تین پولنگ سٹیشنز پر ووٹنگ کے وقت میں دو گھنٹے کا اضافہ کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق این اے 62 گجرات اور پی پی 28 گجرات کے تین پولنگ سٹیشنز میں ووٹنگ کے وقت کا اضافہ کیا گیا ہے، پولنگ سٹیشن نمبر 260، 304 اور 338 کے پولنگ کے وقت میں اضافہ کیا گیا، الیکشن کمیشن نے ڈی آر او کی درخواست پر پولنگ کے وقت میں اضافہ کیا، اس کے لیے الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اور ڈی ار او گجرات کو مراسلہ لکھ دیا اور اب گجرات کے تین پولنگ سٹیشنز میں شام سات بجے تک پولنگ جاری رہے گی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان ہارون شنواری نے کہا کہ ملک بھر میں سخت حفاظتی اقدامات کے ساتھ عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل بلا تعطل اور پرامن طریقے سے جاری ہے، ابھی تک تشدد اور دھاندلی کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا، انتخابی عمل کے پرامن انعقاد کے لیے سخت سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، بڑی تعداد میں لوگ اپنے ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے اپنے متعلقہ پولنگ سٹیشنز کا دورہ کر رہے ہیں۔