سندھ میں بدترین انتخابات کروائے گئے، نتائج مسترد کرتے ہیں، سید زین شاہ

ہفتہ 10 فروری 2024 22:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 فروری2024ء) صدر سندھ یونائیٹڈ پارٹی و مرکزی رہنما جی ڈی اے سید زین شاہ نے کہا ہے کہ الیکشن 2024 کے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہیں، جعلی، دھاندلی زدہ فراڈ الیکشن ناقابل قبول، اسٹیبلشمنٹ انتخابات میں کھلی مداخلت کا اعتراف کرے، پیپلز پارٹی کو فائدہ پہنچانے کے لئیے نگراں حکومت، جانبدار الیکشن کمیشن اور طاقتور اداروں نے جمہوریت کے اوپر شب خون مار کر انتخابات پر قبضہ کر کے سندھ کے مینڈیٹ کو چوری کیا، چیف جسٹس آف پاکستان قصوروار ہیں جس نے آر اوز ججز کے بجائے ڈی سی لگوائے، ہم اس فراڈ الیکشن کے خلاف سخت احتجاج اور ٹربیونل میں بھی جائیں گے، ایسے الیکشنز سے ہمیں کم، ملک کو زیادہ نقصان ہو ہوگا۔

(جاری ہے)

کراچی سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ موبائل سروس بند کر کے دھاندلی کی گئی، سندھ میں بدترین انتخابات کروائے گئے، الیکشن کمیشن نے غیر شفاف الیکشن کروا کر عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے، آر اوز، ڈی آر اوز اور پریذائیڈنگ افسران نے انتخابات کویر غمال بنا کر پیپلز پارٹی کو چرایا ہوا مینڈیٹ دیا، بیلٹ پیپرز تقسیم کیے گئے، انہوں نے کہا ک قومی اسمبلی کے حلقے این اے 208 اور پی ایس 38 اور 39 میں مخالفین نے ہمارے ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن پہنچے سے پہلے اغوا کیا اور الیکشن کے بعد چھوڑا، الیکشن کمیشن کا عملہ اور پیپلز پارٹی کے لوگ بیلٹ پیپر پر ٹھپے لگاتے رہے، سید زین شاہ نے کہا کہ 334 میں سے 140 پولنگ سٹیشن کا عملہ آخری روز پیپلز پارٹی کی فرمائش پر تبدیل کیا گیا، ڈی آر او سمیت الیکشن کا عملہ، پولیس والے پیپلز پارٹی کے سہولت کار بنے ہوئے تھے۔