دہری شہریت کی وجہ سے الیکشن میں حصہ نہیں لیا، حیدر عباس رضوی

دہری شہریت ختم کرنے میں 14ماہ کا وقت لگے گا، رہنما ایم کیو ایم پاکستان

اتوار 11 فروری 2024 19:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2024ء) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ دوہری شہریت کی وجہ سے الیکشن میں حصہ نہیں لیا، دوہری شہریت ختم کرنے میں 14ماہ کا وقت لگے گا۔ایک انٹرویومیں حیدر عباس رضوی نے کہا کہ 5 سال تک مجبورا جلا وطنی کاٹی ہے، اب 3 سال سے پاکستان میں ہوں، والدہ بھی انتقال کرگئیں۔

الیکشن کے بعد حکومت سازی کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ جو بھی وزیراعظم بنے وہ کراچی کا دکھ سمجھے، سابق وزیراعظم نے کراچی میں 24 گھنٹے بھی نہیں گزارے۔انہوںنے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت لاہور میں موجود ہے، ن لیگ اور ایم کیو ایم کی پہلے سے ملاقاتیں جاری ہیں، الیکشن میں کامیابی پر اچھے طریقے سے جشن منائیں گے۔رہنما ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ آزاد امیدواروں کے نمبرز کلیئر ہونے کے بعد صورتحال واضح ہوگی، انتخابات میں آزاد ارکان بڑی تعداد میں کامیاب ہوئے، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار بھی آزاد ہیں، (ن )لیگ کے 12 ممبران بھی آزاد حیثیت سے الیکشن لڑے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ انتخابات سے 2 ماہ قبل آئینی ترمیم پیش کردی تھی جس کو ہماری ترمیم قبول ہے وہ ہمارے لئے قابل قبول ہے، ن لیگ نے ہماری ترامیم کو اپنے منشور کا حصہ بنایا اور ہماری ترمیم پر مثبت رسپانس دیا، مسلم لیگ ن ابھی تک سنجیدگی دکھا رہی ہے۔حیدر عباس رضوی نے کہا کہ سندھ میں 13 سال پیپلزپارٹی نے حکومت کی، پیپلزپارٹی کے ساتھ ہمارا دور بہت اچھا نہیں گزرا، ن لیگ کی سندھ میں کوئی بڑی تعداد نہیں ہے، جب کہ جی ڈی اے کی انتخابات میں کارکردگی سب کے سامنے ہے۔