Live Updates

تمام سٹیک ہولڈر سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کی فکر کریں، سعد رفیق

نفرتیں فیصلوں پر غالب نہیں آنی چاہئیں، اپنی اپنی غلطیوں کا تجزیہ کیا جائے، دل کُشادہ کیے جائیں اور اپنی جگہ رہتے ہوئے سچائی اورتدبر کی بات کی جائے۔ مسلم لیگ ن کے رہنماء کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 12 فروری 2024 11:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 فروری 2024ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کی فکریں۔ تفصیلات کےمطابق سوشل میدیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے لکھا کہ نفرتیں فیصلوں پر غالب نہیں آنی چاہئیں، اپنی اپنی غلطیوں کا تجزیہ کیا جائے، دل کُشادہ کیے جائیں اور اپنی جگہ رہتے ہوئے سچائی اورتدبر کی بات کی جائے، اللّٰہ کریم پاکستان کا حامی و ناصر ہو۔

عام انتخابات میں لاہور کے حلقہ این اے 122 میں بڑا اپ سیٹ دیکھنے میں آیا جہاں مسلم لیگ ن کے مضبوط امیدوار خواجہ سعد رفیق کو سردار لطیف کھوسہ نے شکست دی، سردار لطیف کھوسہ ایک لاکھ 17 ہزار 109 لے کر کامیاب ہوئے جب کہ مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ سعد رفیق اس حلقے میں 77 ہزار 907 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے اور خواجہ سعد رفیق نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی شسکت تسلیم کی اور اس موقع پر ان کے پیغام نے سب کے دل موہ لیے، سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ "سردار لطیف کھوسہ صاحب کو دلی مبارکباد، عوامی فیصلے پر خوش دلی سے سرِ تسلیم خم ، اللّٰہ کریم آنے والی پارلیمان کو متحد ہو کر قومی بحرانوں پر قابو پانے کی توفیق و تقویت عطا فرمائے"۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ عمران خان کے جیل میں بیٹھنے کی خوشی نہیں، لطیف کھوسہ میرے دوست ہیں، ان کے بارے میں کوئی غلط بات نہ کرتا ہوں نہ کروں گا، میں نے انہیں خود فون کر کے یہ پیغام دیا کہ کسی بھی قسم کی سہولت درکار ہو تو میں اپنی حیثیت کے حساب سے حاضر ہوں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات