جماعت اسلامی اور آزاد امیدوار کا انتخابی نتائج کیخلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع

منگل 13 فروری 2024 14:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2024ء) سندھ ہائیکورٹ میں انتخابی نتائج کے خلاف امیدواروں کی جانب سے مزید درخواستیں دائر کر دی گئی ہیں۔جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کے آزادامیدوار سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئے۔سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 106 سے جماعت اسلامی کے امیدوار سید عبدالرشید نے آزاد امیدوار کے خلاف درخواست دائر کر دی۔

عبد الرشید نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 موجود ہیں، پریزائیڈنگ افسران کے دستخط بھی ہیں، ہمارے ایجنٹس کو کمرے سے نکال کر فارم 47 تیار کیا گیا تھا، فارم 45 اور 47 کے اعداد ووٹوں میں تضاد ہے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے پی ایس 95 سے امیدوار راجہ اظہر نے بھی سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی، راجہ اظہر نے درخواست میں موقف اپنایا کہ فاروق اعوان سابق ایس ایس پی ہیں، اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے اثر انداز ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 250 سے آزاد امیدوار ریاض حیدر نے بھی فارم 47 کے خلاف درخواست دائر کردی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اس حلقے سے متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار فرحان چشتی کو فارم 47 میں کامیاب قرار دیا گیا ہے، فارم 47 ہمارے نمائندوں کی موجودگی میں دوبارہ مرتب کیا جائے۔قومی اسمبلی کی نشست، این اے 232 سے ایم کیو ایم کی امیدوار آسیہ اسحاق کی کامیابی بھی سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دی گئی ۔ تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار عدیل احمد نے آسیہ اسحاق کی کامیابی کو چیلنج کیا ہے۔