سندھ ہائیکورٹ نے انتخابی نتائج کیخلاف 58 درخواستیں نمٹادیں، تحریری فیصلہ جاری

الیکشن کمیشن تمام فریقین کی شکایت سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کرے، عدالت عالیہ کا حکم

بدھ 14 فروری 2024 19:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2024ء) سندھ ہائیکورٹ نے انتخابی نتائج کے خلاف مجموعی طور پر 58 درخواستیں نمٹاتے ہوئے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔بدھ کوسندھ ہائیکورٹ نے تمام درخواستیں الیکشن کمیشن کو بھجواتے ہوئے حکم دیا کہ تمام فریقین کی شکایات سن کر قانون کے مطابق 22 فروری سے پہلے فیصلہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن فارم 45 اور 47 کا ریکارڈ سے جائزہ لیں، اگر کوئی بے ضابطگی پائی جائے تو اسے دورکیا جائے، اس کے بعد متاثرہ فریق چاہے تو قانون کے مطابق متعلقہ فورم سے رجوع کرسکتے ہیں، تمام امیدواروں نے ایک جیسے خدشات کا اظہار کیا ہے، درخواست گزاروں کے مطابق ریٹرننگ افسران نے فارم 47 امیدواروں کی غیر موجودگی میں بنایا ہے۔

دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے پی ایس 106 سے جماعت اسلامی کے امیدوارسید عبدالرشید، پی ایس 96 سے آزاد امیدوار راجہ اظہر، پی ایس 105 سے سعید غنی کی کامیابی کے خلاف جی ڈی اے امیدوارعرفان اللہ مروت، این اے 250 سے آزاد امیدوار ریاض حیدر سمیت دیگر درخواستیں الیکش کمیشن کو بھجوائی دیں۔بعدازاں سندھ ہائیکورٹ نے انتخابی نتائج کے خلاف تمام درخواستوں کو نمٹادیا۔