ہمارے مینڈیٹ کی چوری کا ذمہ دار الیکشن کمیشن ہے ، علامہ راشد محمود سومرو

عوامی مینڈیٹ کا تمسخر اڑانے والوں کی نیندیں حرام کردیں گے ،جنرل سیکرٹری جے یوآئی کاالیکشن کمیشن سندھ کے باہر دھرنے سے خطاب

جمعرات 15 فروری 2024 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2024ء) جمعیت علما اسلام سندھ کی اپیل پر کراچی میں دفتر صوبائی الیکشن کمیشن کے سامنے دھاندلی کے خلاف احتجاجی دھرنے سے جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ جے یو آئی نے عام انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے، سندھ میں بدترین دھاندلی کی گئی ہے، پیپلز پارٹی کی خواہش پر حلقہ بندیاں کی گئیں، وڈیرہ شاہی کی ایما پر آر اوز اور ڈی آر اوز کا تقرر کیا گیا، بعد ازاں الیکشن کے دن ریاستی ادارے اور الیکشن کمیشن ، آر اوز اور ڈی آر اوز سندھ کے وڈیروں کے سامنے بیبس نظر آئے۔

اس موقع پر جے یوآئی رہنمائوں مولانا عبدالکریم عابد، قاری عثمان ، ڈاکٹر نصیر الدین سواتی ، مولانا محمد غیاث، مولانا سمیع الحق سواتی ، مولانا نور الحق ، مولانا زرین شاہ ، حبیب اللہ اندھڑ ، شرف الدین اندھڑ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مولانا راشد محمود سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں وڈیروں کے حلقوں پر پولیس، رینجرز اور آرمی مقرر نہیں کی گئی، سندھ کے عوام کا مینڈیٹ جاگیرداروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا،بد ترین دھاندلی کے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں، فارم 45اور بلیٹ پیپر گم ہونے کے باوجود الیکشن نتائج کا اعلان کردیا گیا، اس فسطائیت کے خلاف جے یو آئی سندھ پورے سندھ کے اندر تحریک چلا رہی ہے، کل بروز جمعہ گھوٹکی اور کشمور کے کارکنان کشمور سے اور سکھر کے کارکنان سکھر سے شاہراہیں بند کریں گے،سندھ پنجاب بارڈر کو غیر اعلانیہ مدت کے لئے بند کریں گے۔

انہوں نے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں جے یو آئی کے مینڈیٹ کو چرایا گیا ہر الیکشن میں جے یو آئی کا مینڈیٹ چرایا جارہا ہے،عالمی قوتوں کو پاکستان کے اندر مذہب اور داڑھی پگڑی والوں کی سیاست برداشت نہیں ہے اور رفتہ رفتہ ہمارے ایوانوں میں ہماری تعداد گھٹانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔علامہ راشد محمود سومرو ودیگر رہنمائوں نے کہاکہ عوام کے مینڈیٹ کو ہربار چوری کرنے کیلئے انتخابات کا اتنا بڑا ڈھونگ رچانے کی کیا ضرورت ہے ،ووٹ کو گواہی سمجھتے ہیں عوام کا مقدس مینڈیٹ ندیوں نالوں اور کچراکنڈیوں برآمد ہونے کا ذمہ دار الیکشن کمیشن ہے ۔

الیکشن کمیشنر سندھ اپنی نااہلی کا اعلان کرکے استعفی دیں عوامی کٹہرے کے بعد عدالتی کٹہرے میں لائیں گے،سندھ کے دو درجن سے زائد حلقوں میں پلاننگ کیساتھ دھاندلی کی گئی ، فارم 45 غائب کئے گئے۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن پاکستان کا کردار روز اول سے متنازعہ رہا بلدیاتی انتخابات اور اب قومی انتخابات کے سے قبل پیپلز پارٹی کی مرضی کے مطابق حلقہ بندیاں کروائی گئیں ،الیکشن کے دن پولنگ کو زبردستی سست رکھا گیا۔

بعد ازاں رات جے اندھیرے میں بوریوں سے ٹھپہ لگے بلیٹ پیپرز گنتی میں شامل کئے گئے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ این اے 191کشمور پی ایس 02پنوعاقل پی ایس 22ٹھل کے نتائج فارم 45کے مطابق جاری کئے جائیں ۔ علامہ راشد محمود سومرو نے واضح کیا کہ اب ہم عوام میں نکلے ہیں، اب فیصلے ایوان میں نہیں عوام میں ہوں گے۔