Live Updates

کمشنر راولپنڈی کے استعفے پر سلام، آر او گجرات حیدر عباس بھی ہمت کریں، اللہ کی عدالت میں کیا جواب دیں گے؟

چودھری شجاعت حسین سے ملاقات میں پرویزالٰہی کا دو ٹوک موقف تھا عمران خان کیساتھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا، چودھری شجاعت حسین کے دونوں بیٹے جب تک جھوٹ نہ بولیں انہیں نیند نہیں آتی، سالک اور شافع دونوں بے ضمیر اور بے حس ہیں، بیگم قیصرہ الٰہی

ہفتہ 17 فروری 2024 23:00

کمشنر راولپنڈی کے استعفے پر سلام، آر او گجرات حیدر عباس بھی ہمت کریں، ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2024ء) سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی اہلیہ بیگم قیصرہ الٰہی اور بہن بیگم ثمیرہ الٰہی نے راولپنڈی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ میں نے کمشنر راولپنڈی کے استعفے کا سنا ہے، میں ان کو مبارکباد اور سلام پیش کرتی ہوں، وہ بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوئے ہیں، ان کی کوشش اور جرات دیکھ کر گجرات کے آر او حیدر عباس بھی ہمت کریں، میں نے آر او گجرات کو کہا تھا آپ پر پریشر تو بہت ہو گا لیکن سب سے زیادہ پریشر اللہ کی ذات کا ہونا چاہئے، آپ نے اللہ کی عدالت میں بھی پیش ہونا ہے وہاں کیا جواب دیں گے۔

بیگم قیصرہ الٰہی نے کہا کہ رات تک میں جیت رہی تھی لیکن صبح سات بجے ہروا دیا گیا، ہمارے حلقوں کی دوبارہ گنتی کے وقت آر او گجرات حیدر عباس کو ڈی پی او گجرات اٹھا کر اندر لے گئے اور پتہ نہیں کیا بات کی، چودھری پرویزالٰہی کے حلقے میں انتہا کی گئی ڈبے کھولے نہیں گئے اور تماشے پر تماشے کئے گئے، جس دن الیکشن جیتے ہم سب اس رات کو رزلٹ لینے کیلئے کھلے آسمان تلے بیٹھے رہے، ہم پراعتماد تھے کہ ہماری لیڈ زیادہ تھی، ہم نے عوام اور نوجوانوں کو روکے رکھا اور آگے نہیں جانے دیا، ڈر تھا کہ کہیں کچھ ہو نہ جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کی طبیعت اب بہتر ہے، میرے بھائی چودھری شجاعت حسین، پرویزصاحب کو ملنے آئے تھے لیکن انہوں نے ملاقات سے انکار کر دیا، ڈپٹی سپرٹینڈنٹ نے انہیں جا کر بتایا کہ شجاعت صاحب باہر رو رہے ہیں جس پر وہ ملنے آئے، ان کو کوئی مطلب نکالنا ہو گا جو پرویز صاحب سے ملنے کیلئے آئے تھے، یہ ملاقات بھی صرف 18منٹ کی ہوئی اور اس میں صرف گھریلو بات کی، چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی ملاقات میں کوئی سیاسی گفتگو نہیں ہوئی، چودھری پرویزالٰہی کا دو ٹوک موقف تھا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں اور انشا اللہ کھڑا رہوں گا۔

بیگم قیصرہ الٰہی نے کہا کہ سالک نے پولیس کے ذریعے میرے گھر پر ریڈ کروائی، چودھری شجاعت حسین کے چھوٹے بیٹے نے ماموں کو کہا آپ باپ کی طرح ہیں، کیا کوئی باپ کے خلاف الیکشن لڑ سکتا ہے، چودھری شجاعت حسین کے دونوں بیٹے جب تک جھوٹ نہ بولیں انہیں نیند نہیں آتی، سالک اور شافع دونوں بھائی بے ضمیر اور بے حس ہیں، زندگی میں پہلے دو شخص دیکھے جن کا جینا مرنا جھوٹ پر ہے، دو دن قبل بھی انہوں نے ٹی وی پر جھوٹ بولا کہ گھر پر کوئی چھاپہ نہیں پڑا، ہمارے گھر میں صرف وہ دو کمرے چھوڑے جہاں میں اور میری بہن تھی جس کی ویڈیو موجود ہے، پولیس ہمارے گھر سے سب کاغذات اٹھا کر لے گئی، ہمارے اتھارٹی لیٹرز تک اٹھا لئے گئے، ہمارے گھر کے باہر لگا بینر بھی اتار کر لے گئے اس کی ویڈیو بھی موجود ہے، بکتر بند گاڑی سے جب لاہور میں گھر کا گیٹ توڑا گیاتو ٹی وی پر کاشف عباسی نے شافع سے سوال کیا کہ آپ کیا کر رہے تھے، شافع نے جواب دیا کہ باہر چینل کے بیوروچیف کھڑے تھے میں انہیں دیکھ کر ہنس رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میرے تائید و تجویز کنندہ سلیم بیگ کے 12سال کا بچے کو اٹھا لیا گیا اور دو ہفتے تک اسے بند رکھا، میرے کہنے کے باوجود وہ بچہ پولیس سے واپس نہ لے کر آئے، ایسے لوگوں کو ہم کیسے بھول سکتے ہیں، اگر ہم ایسے لوگوں کی قربانیاں بھولیں گے تو احسان فراموش ہوں گے، گجرات میں لوگوں کے دلوں میں الیکشن کے بعد کتنی نفرت پیدا ہو چکی ہے، وہاں جا کر دیکھیں۔

بیگم ثمیرہ الٰہی چوہان نے کہا کہ پرویزصاحب نے انہیں ڈانٹا ہے کہ میں آپ کی شکل تک نہیں دیکھنا چاہتا، جس پر شجاعت صاحب دوبارہ رونا شروع ہو گئے، چودھری پرویزالٰہی نے کہا کسی کی بات نہیں سنوں گا، جو عمران خان کا فیصلہ ہو گا اور گجرات کی عوام کا ہو گا وہی میرا فیصلہ ہو گا، پرویزصاحب نے سالک سے پوچھا جو تم لوگوں نے کیا اس کا کوئی جواب تمہارے پاس ہے لیکن ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ بیگم ثمیرہ الٰہی چوہان نے مزید کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ دوچار دن بعد خود ہی انہیں جواب دے دوں گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات