سیاسی جمود کے خاتمے اور حکومت سازی کے معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے نواز شریف میدان میں آگئے

سابق وزیراعظم لاہور سے اسلام آباد روانہ،مری بھی جائیں گے جہاں ایک ہفتہ قیام کرینگے،آصف علی زرداری سمیت دیگر سیاسی قائدین سے اہم ملاقاتیں متوقع

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 19 فروری 2024 13:06

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 فروری2024 ء) سیاسی جمود کے خاتمے اوروفاق میں حکومت سازی کے معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے نواز شریف میدان میں آگئے،سابق وزیراعظم لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوگئے جہاں سے و ہ مری جائیں گے اور ایک ہفتے تک قیام کرینگے۔مری میں قیام کے دوران نواز شریف کی اہم سیاسی ملاقاتیں متوقع بتائی جا رہی ہیں جن میں نوازشریف کی آصف علی زرداری کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی دورہ اسلام آباد کے شیڈول میں شامل ہے اس کے علاوہ جمعیت علماءاسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بھی قائد ن لیگ کی ملاقاتیں ہونگی۔

عام انتخابات کے بعد نواز شریف کا لاہور سے باہر یہ پہلا دورہ ہوگا جس میں وفاق سمیت پنجاب میں حکومت سازی کے معاملات کوحتمی شکل دی جائیگی ۔

(جاری ہے)

جبکہ حکومت سازی کے معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کی آج دوبارہ بیٹھک ہو گی۔پاکستان پیپلزپارٹی کا وفد آج شام چار بجے مسلم لیگ ن کے رہنماءاور سینیٹر اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر جائے گاجہاںحکومت سازی کے معاملات پر دونوں جماعتوں کے درمیان پانچواں دور ہوگا۔

گزشتہ اجلاسوں میں دونوںسیاسی جماعتوں کی طرف سے دی گئی تجاویز پر تفصیلی گفتگو ہوئی تھی، کمیٹی اراکین نے اتفاق کیا کہ مضبوط جمہوری حکومت ہی مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے۔جبکہ گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں دونوں جماعتوں نے معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے آج دوبارہ بیٹھنے کا فیصلہ کیا تھا۔گزشتہ اجلاس میںپاکستان مسلم لیگ ن لیگ کی نمائندگی سینیٹر اسحاق ڈار، سردار ایاز صادق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور ملک محمد احمد خان نے کی جبکہ پیپلز پارٹی وفد مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ، سعید غنی، ندیم افضل چن، نواب ثناءاللہ زہری، شجاع خان اور سردار بہادر خان پر مشتمل تھا۔