امیر بالاج قتل کیس میں پیشرفت

طیفی بٹ کے وارنٹ گرفتاری کیلئے پولیس کا انٹر پول سے رابطہ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 22 فروری 2024 12:18

امیر بالاج قتل کیس میں پیشرفت
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 فروری 2024ء ) ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور طیفی بٹ کے وارنٹ گرفتاری کیلئے لاہور پولیس کا انٹر پول سے رابطہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس نے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف جگہوں پر چھاپے بھی مارے ہیں، اس سلسلے میں لاہور پولیس نے حملہ آور مظفر حسین کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا اور اہل علاقہ سے دیگر ملزمان کے حوالے سے پوچھ گچھ کی۔

بتایا گیا ہے کہ لاہور پولیس نے اس وقوعہ کی جیو فینسنگ کرکے پانچ سو کالز کو شارٹ لسٹ کیا ہے، ملزمان تک جلد از جلد پہنچنے کے لیے ان کالز کو مزیدشارٹ لسٹ کیا جائے گا، پولیس نے اب تک 7 مشتبہ افراد کو حراست مین لیا ہے جب کہ پولیس حملہ آور کی تیسری بیوی کا بیان ریکارڈ کرچکی ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پولیس نے مقدمہ میں نامزد ملزمان طیفی بٹ اور گوگی بٹ کا سفری ریکارڈ حاصل کیا جس سے معلوم ہوا کہ طیفی بٹ 19 فروری کو دبئی روانہ ہوا، گوگی بٹ کا بیرون ملک فرارہونے کا کوئی ریکارڈ نہیں، پولیس کی جانب سے گوگی بٹ اور طیفی بٹ کے ساتھیوں کے گھروں پر بھی چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے، پستول وقوعہ کے وقت سب انسپکٹر شکیل بٹ نے اٹھا لیا تھا جسے برآمد کر لیا گیا، حملے میں زخمی ہونے والے سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال بلا کے بیٹے کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جب کہ حملہ آور مظفر کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

بتایا جارہا ہے کہ امیر بالاج ٹیپو کو اتوار 18 فروری کی شب ایک شادی کی تقریب میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا، ملزم اندر داخل ہونے کے لیے کیمرہ مین بن کرگیا، ملزم ویڈیو بنانے کے بہانے امیربالاج کے قریب گیا جہاں اس کی تلاشی بھی لی گئی، امیر بالاج کے قریب آنے پر دوسری بار بھی ملزم کی تلاشی لی گئی تاہم اس سے کوئی مشتبہ چیز نہ ملی، ملزم کو تیسری بار امیر بالاج کے قریب جانے سے قبل وہاں موجود دیگر ساتھیوں نے اسلحہ دیا، حملہ آورنے اسی پستول سے امیربالاج پر فائرنگ کی اور اس حملے کے دوران ہی اس کے ساتھیوں نے ہوائی فائرنگ شروع کردی۔