کے یو جے کی جانب سے نگراں صوبائی وزیر اطلاعات، اقلیتی امور، سماجی تحفظ محمد احمد شاہ کے اعزاز میں استقبالیہ

امید ہے آنیوالی حکومت صحافیوں کے مسائل فوری حل کرے گی، نگراں صوبائی وزیر اطلاعات، اقلیتی امور، سماجی تحفظ محمد احمد شاہ

جمعرات 22 فروری 2024 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2024ء) کراچی یونین آف جرنلسٹس(کے یو جی)کی جانب سے نگراں صوبائی وزیر اطلاعات، اقلیتی امور، سماجی تحفظ و صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے اعزاز میں اسکاٹس کلب لان میں استقبالیہ دیاگیا جس میں نگراں صوبائی وزیر اطلاعات محمد احمد شاہ نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر جی ایم جمالی، کے یو جے کے صدر اعجاز احمد، جنرل سیکریٹری عاجز جمالی سمیت صحافی برادری کی مختلف تنظیموں کے عہدے داران موجود تھے۔

نگراں صوبائی وزیر اطلاعات اقلیتی امور سماجی تحفظ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے اعزاز میں تقریب رکھی گئی، صحافی برادری سے میرا تعلق ساری زندگی کا ہے، حلف لینے کے بعد پہلا دورہ کراچی پریس کا کیا، صحافیوں کے چھ مہینوں سے رکے ہوئے 396چیک ریلیز کروائے، بیورو کریسی کا ایک لمبا پروسیجر ہے، ہمارے ہاں سرکار کا کام نہ کرنے کا سسٹم بنا ہوا ہے، انفارمیشن ڈپارٹمنٹ نے ایک لمحے کا وقت ضائع کیے بغیر مسائل کو حل کرایا، انہوں نے کہاکہ پورے سندھ کے صحافی رابطے میں ہیں، بہت سے لوگ بیمار اور تکلیف میں مبتلا ہیں، انہوں نے بتایا کہ صحافیوں کے پلاٹوں کا معاملہ نگراں حکومت کے ہاتھ میں نہیں تھا، امید ہے کہ پیپلز پارٹی کی منتخب حکومت صحافیوں کے مسائل فوری طور پر حل کرے گی، انہوں نے کہاکہ تمام صحافی میری ایک آواز پر میرے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، جب سے میں آرٹس کونسل آیا صحافیوں نے مجھ پر اعتماد کیا، یہ ہماری بنیادی ضرورت ہے کہ ہم اپنے لوگوں کا خیال رکھیں، منسٹری آف انفارمیشن نے ایک صحافی کا نام بھی اپنی طرف سے نہیں ڈالا، شہر کی ہر صحافتی تنظیموں کی طرف سے جو نام آئے انہیں سہولت فراہم کی گئی، نگراں صوبائی وزیر اطلاعات نے سینئر صحافی اجمل خٹک کے انتقال پر دعا بھی کروائی۔

(جاری ہے)

کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی نے کہاکہ نگراں حکومت میں آنے کے بعد محمد احمد شاہ نے صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لیے بہت کام کیا، احمد شاہ تمام اداروں کی کارکردگی عوام کے سامنے لے کر آئے، انہوں نے ہمیشہ صحافیوں کے حقوق کی بات کی، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر جی ایم جمالی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نگراں حکومت میں رہتے ہوئے محمد احمد شاہ نے صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لیے بہت کام کیا، انہوں نے تمام صحافیوں کی مدد میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ، صحافی برادری احمد شاہ کی بے حد مشکور ہے، انہوں نے کہاکہ کسی صحافی کی بیماری کا مسئلہ ہو یا بچیوں کی شادیاں کا معاملہ احمد شاہ نے پورے سندھ کے صحافیوں کی ہر درخواست کو فوری طور پر قبول کیا، سندھ حکومت میں احمد شاہ جیسے لوگوں کی شدید ضرورت ہے،کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر اعجاز احمد نے کہاکہ احمد شاہ جب وزیر نہیں تھے تب بھی صحافیوں کے ساتھ مضبوط رابطے میں رہتے تھے، وزیر بننے کے بعد احمد شاہ نے صحافی برادری کو مزید مضبوط کیا، عہدہ ملنے کے بعد اکثر لوگ بدل جاتے ہیں لیکن احمد شاہ نے ایسا نہیں کیا، وہ صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے دن رات رابطے میں رہے،صحافی برادری احمد شاہ کو عزت اور محبت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔