فراڈ الیکشن کے خلاف جی ڈی اے اور اتحادی جماعتوں کی احتجاجی تحریک میں تیزی

جی ڈی اے کا اہم ترین اجلاس آج پیر صدرالدین شاہ راشدی کی رہائشگاہ پر طلب کرلیا گیا

جمعرات 22 فروری 2024 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2024ء) فراڈ الیکشن کے خلاف جی ڈی اے اور اتحادی جماعتوں کی احتجاجی تحریک میں تیزی، جی ڈی اے کا اہم ترین اجلاس آج (جمعہ)کو پیر صدرالدین شاہ راشدی کی رہائشگاہ پر طلب کرلیا گیا،اجلاس میں جی ڈی اے،پاکستان تحریک انصاف ، جماعت اسلامی اور جے یو آئی کے رہنمائوں سمیت دیگر شریک ہونگے۔

(جاری ہے)

جی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم کا کہنا ہے کہ چھینے گئے عوامی مینڈیٹ کی واپسی تک پیر صاحب پاگارا کی قیادت میں احتجاج جاری رہیگا اپنے ایک بیان میں سردار عبدالرحیم نے کہا 8 فروری کو ملک خصوصا سندھ کے عوام کے ساتھ الیکشن کے نام پر بھونڈا مذاق کیا گیا، عوام کے حق پر ڈاکہ ڈال کر بلوں کو ایک مرتبہ پھر دودھ کی رکھوالی پر بٹھا دیا گیا ہے جو سندھ کے غیور عوام کو کسی صورت قبول نہیں ہے انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں حلف برداری کے روز سندھ اسمبلی کے سامنے احتجاج اور 26 فروری کو بدین میں دھرنے سے متعلق حکمت عملی طے کی جائیگی اجلاس میں فراڈ الیکشن کے خلاف تحریک مزید تیز کرنے پر غور ہوگا فراڈ الیکشن کو عوام نے یکسر مسترد کردیا ہے سردار عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے عوامی مینڈیٹ کی واپسی تک پیر صاحب پاگارا کی قیادت میں جی ڈی اے اور اتحادیوں کا احتجاج جاری رہیگا الیکشن میں بدترین دھاندلی پر عوام میں شدید غم و غصہ ہے انہوں نے کہا کہ اجلاس میں جی ڈی اے کے چیف کوآرڈینیٹر صدرالدین شاہ راشدی، غلام مرتضی جتوئی، ڈاکٹر صفدر عباسی، حلیم عادل شیخ، مولانا راشد محمود سومرو، حافظ نعیم الرحمن، لیاقت جتوئی، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم، ایاز لطیف پلیجو اور دیگر رہنما شرکت کرینگے اجلاس میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، زین شاہ، سید غوث علی شاہ،عرفان اللہ خان مروت، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، مسرور خان جتوئی، محمد خان جونیجو، سائرہ بانو، جلال شاہ جاموٹ، نند کمار گوکلانی، عبدالرزاق راہموں، راحیلہ گل مگسی، سید راشد شاہ، سید اسماعیل شاہ، غلام دستگیر راجڑ، جام نفیس، سید زوہیب شاہ سمیت دیگر شرکت کرینگے۔