این اے 15مانسہرہ، الیکشن کمیشن کی تمام فریقین کو (آج) دلائل دینے کی ہدایت

دلائل کیلئے مزید وقت دے دیتے ہیں، صرف دلائل کیلئے اسٹے کو مزید نہیں بڑھا سکتے، چیف الیکشن کمیشن

پیر 26 فروری 2024 13:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2024ء) الیکشن کمیشن نے این ای15مانسہرہ کیس (آج)منگل کو تمام فریقین کو دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔پیرکوالیکشن کمیشن میں مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کی درخواست پر سماعت ہوئی۔سماعت کے آغاز میں نواز شریف کے وکیل بیرسٹر جہانگیر جدون نے کہا کہ ریٹرننگ افسر کی رپورٹ تاحال نہیں دی گئی، ریٹرننگ افسر کی رپورٹ پڑھے بغیر دلائل نہیں دے سکتے۔

کامیاب امیدوار گشتاسپ خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ آر او کی رپورٹ سب کو مل گئی، گشتاسپ خان 25ہزار کی لیڈ سے جیتے، قانون کے مطابق 25ہزار کا فرق ہو تو دوبارہ گنتی نہیں کی جا سکتی، الیکشن کمیشن کے حکم کی وجہ سے گشتاسب خان کا نوٹیفکیشن رکا ہوا ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم اسٹے ختم کر دیتے ہیں، دلائل کیلئے مزید وقت دے دیتے ہیں، صرف دلائل کیلئے اسٹے کو مزید نہیں بڑھا سکتے، الیکشن کمیشن کا موقف ہے اسٹے کو جلد از جلد ختم ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر نے جہانگیر جدون سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیس جتنا مرضی طویل کریں، ہم اسٹے پر فیصلہ کر دیتے ہیں،کبھی آپ تاخیر سے آتے ہیں، کبھی کہتے ہیں ریکارڈ نہیں ملا۔الیکشن کمیشن نے تمام فریقین کو دستاویزات دینے کا حکم دے دیا۔وکیل جہانگیر جدون نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہمیں حتمی دلائل دینے کا آخری موقع دے، 125پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ فارم 47میں شامل نہیں کیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آر او نے رپورٹ میں 125پولنگ اسٹیشنز کے ووٹ شامل نہ ہونے کا دعویٰ مسترد کیا ہے۔وکیل بابر اعوان نے کہا کہ فارم 47تیاری کے وقت نواز شریف کی جانب سے کوئی آر او کے آفس نہیں گیا۔الیکشن کمیشن نے این ای15مانسہرہ کیس کی سماعت (آج)منگل تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 15 مانسہرہ سے آزاد امیدوار شہزادہ گشتاسپ خان کامیاب ہوئے تھے۔