Live Updates

پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلی مریم نواز کی زندگی اور سیاسی کیریئر پر ایک نظر

پیر 26 فروری 2024 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2024ء) پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار منتخب ہونیوالی وزیر اعلی پنجاب مریم نواز28 اکتوبر 1973 کو لاہور میں پیدا ہوئیں،مریم نواز نے انگریزی ادب میں پنجاب یونیورسٹی سے ڈگری لی۔ 1999 میں نوازشریف حکومت برطرف ہوئی تو مریم نواز پر بھی مصیبتوں کے پہاڑ ٹوٹ پڑے، چارماہ تک گھر میں نظر بندی کے بعد سعودی عرب جلاوطن کر دیا گیا، نومبر 2011 میں نواز شریف نے انہیں سیاست کے میدان میں قدم رکھنے کا گرین سگنل دیا، مریم نواز نے 2012 میں خاندان کے رفاہی ونگ میں کام کا آغاز کیا،مریم نواز کو پاکستان مسلم لیگ(ن)نے عام انتخابات 2013 کے دوران ضلع لاہور کی انتخابی مہم کا منتظم مقرر کیا۔

انتخابات کے بعد مریم نواز کو 22 نومبر 2013 کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا انچارج مقرر کیا گیا،تاہم مریم نواز نے13 نومبر 2014 کو استعفی دے دیا۔

(جاری ہے)

مریم نواز کو 2017 کے لئے دنیا کی 100 بااثر خواتین میں شامل کیا گیا،پانامہ پیپرز کے فیصلے کے بعد مریم نواز نے جارحانہ سیاست اپنائی،مریم نواز سڑکوں پر نکلیں تو کرائوڈ پلرکہلائیں،سیاسی مخالفین کو جرات سے للکارا،مریم نواز والد کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہوئیں اور سیاسی جانشین کہلائیں۔

مریم نواز نے جیل میں بی کلاس کی سہولتیں لینے سے انکار کیا اور عام قیدیوں کی طرح قید کاٹی،مریم نواز نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر مزاحمت کے بیانیہ سے پیچھے نہ ہٹیں،مریم نواز نے والدہ کلثوم نواز کی غیر موجودگی میں لاہور سے ضمنی الیکشن بھی جیتا،ملک بھر میں ریلیاں نکالتی رہیں اور جلسوں میں حکمرانوں کو للکارتی رہیں۔ مریم نواز نے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور سکالر شپس دلائے، پارٹی کو یوتھ میں مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

2018 کے انتخاب میں انہیں قومی اور صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ دیا گیا مگرانہیں اس سے قبل ایون فیلڈ ریفرنس میں 7 سال سزا سنا دی گئی، مریم نواز کو 10 سال کے لئے نااہل بھی قرار دیا گیا اور وہ الیکشن نہ لڑ سکیں،مسلم لیگ( ن) کی قیادت نے مریم نواز کی صلاحیتوں اور لیڈرشپ کے اعتراف میں انہیں پارٹی کا چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مقرر کیا۔وہ والد کو وطن واپس لائیں۔2024 کا انتخابی محاذ بھی دبنگ انداز میں سنبھالا اور مسلم لیگ( ن) کو پنجاب اور وفاق میں سب سے زیادہ نشستیں لینے والی جماعت بنایا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات