تحریک انصاف کے جانب سے الیکشن کمیشن کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی

فارم 45 کے مطابق آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ ریٹرننگ افسران نے دھاندلی کرکے فارم 47 میں دوسرے امیدواروں کو جتوایا گیا،موقف

منگل 27 فروری 2024 21:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2024ء) تحریک انصاف کے جانب سے الیکشن کمیشن کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ فارم 45 کے مطابق آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ ریٹرننگ افسران نے دھاندلی کرکے فارم 47 میں دوسرے امیدواروں کو جتوایا گیا۔ سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن سے متعلق تمام معاملات الیکشن کمیشن کو بھیجے تھے۔

عدالت نے 22 فروری تک تمام شکایت نمٹانے کا حکم دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے 23 فروری کو مختصر فیصلہ سنایا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ درخوارت دائر کرنے کے بعد پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نوجوانوں کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں بیس اور حیدر آباد میں دو این اے کی نشستوں پر جیتے ہیں۔

لوگ ہم سے پوچھتے ہیں ہمارا ووٹ کہاں گیا ہم لوگوں کے ووٹ واپس لینے کے لیے نکلے ہیں۔ عوام کے ووٹ کو چھین کر واپس لیں گے۔ اس شہر میں ہمارا مینڈیٹ چھینا گیا ہے۔ اس وقت سندھ اسمبلی میں اجنبی لوگ بیٹھے ہیں یہ عوام کی جانب سے ریجکٹیڈ لوگ ہیں نا جانے کس نے ان کو سلیکٹ کیا ہے۔ پوری قوم نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی کو باہر نکالنا ہے۔ پوری قوم نے رجیم چینج کے بعد فسطائیت کا مظاہرہ دیکھا ہے۔

ہماری ساری اعلی قیادت جیلوں میں ہے۔ ہم نے 46 درخواستیں دائر کی تھیں۔ الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ ہمارے پاس بھیجیں۔ الیکشن کمیشن ذمہ دار ہے آئین توڑنے کا۔ الیکشن کمیشن نے ہم سے بلا چھین لیا موبائل فون بند کردئیے۔ عدالتوں کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ ہم ان آر او کا پیچھا کریں گے ان کو تین تین سال کی سزا ہوگی انکی نوکریاں بھی جائیں گی۔ سندھ ہائیکورٹ سے ریلیف کی امید ہے۔

ہم سپریم کورٹ جائیں گے ٹربیونل اور عوام کی عدالت میں جائیں گے۔ یہ جعلی حکومت پانچ ماہ سے زائد نہیں چلے گی۔ اگر پانچ ماہ سے زیادہ چلی تو مجھے واپس جیل بھیج دیا جائے۔ یہ پی ڈی ایم ٹو ہے سب کو کچھ پلان تھا۔ سندھ میں کوئی اپوزیشن نہیں ہوگی بس آ مل کر کھا ہوگا۔ جو پارٹی دھاندلی کے خلاف بات کرے گی سب کے ساتھ مل کر بھی احتجاج کریں گے الگ بھی۔

جی ڈی اے کے ساتھ پورے پاکستان میں جہاں جہاں دھاندلی ہوئی ہے مل کر احتجاج کریں گے۔ مجھ پر اتنے کیسز بنے ہیں آدھا وکیل بن چکا ہوں۔ صدر پاکستان جو کر رہے ہیں ٹھیک کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب اور کے پی کے ٹائم پر الیکشن نہیں کرایا ہے۔ الیکشن کمیشن شفاف الیکشن میں کرانے ناکام رہا ہے۔ الیکشن کمیشن پر آئین کا آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔