محمد شہباز شریف اور عمر ایوب خان کے وزارت عظمیٰ کے لیے کاغذات نامزدگی منظور

ہفتہ 2 مارچ 2024 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2024ء) محمد شہباز شریف اور عمر ایوب خان کے وزارت عظمیٰ کے لیے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔ محمد شہباز شریف کے لیے 8 جبکہ عمر ایوب کے لیے 4کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے تھے۔ محمد شہباز شریف کے بطور تجویز کنندگان کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں ممبران قومی اسمبلی خواجہ محمد آصف، سید خورشید احمد شاہ، طارق بشیر چیمہ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، رانا تنویر حسین، سردار محمد یوسف، محمد عطا تارڑ اور عبدالعلیم خان شامل تھے جبکہ تائید کنندگان میں حنیف عباسی، رومینہ خورشید عالم ،شیزہ فاطمہ خواجہ، انوشہ رحمان، سردار اویس احمد خان لغاری، کیسو مل خیل داس، احسن اقبال اور جمال شیر کاکڑ شامل تھے۔

اس موقع پر سینیٹر اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

عمر ایوب کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں بطور تجویز کنندگان میں ممبران قومی اسمبلی سابق اسپیکر اسد قیصر، بیریسٹر گوہر علی خان ریاض فتیانہ، عمیر نیازی اور تائید کنندگان میں ملک عامر ڈوگر، خان جدون، مجاھد علی اور ثناء اللہ مستی خیل شامل تھے۔وزارت عظمیٰ کے کاغذات نامزدگی سیکرٹری جنرل قومی اسمبلی طاہر حسین نے وصول کیے۔

اس موقع پر اسپیشل سیکرٹری قانون سازی قومی اسمبلی محمد مشتاق اور اسپیشل سیکرٹری خصوصی اقدامات سید شمعون ہاشمی بھی موجود تھے۔وزارت عظمیٰ کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سہ پہر 3 بجے تجویز اور تائید کنندگان کی موجودگی میں کی جس کی بعد وزارت عظمیٰ کے امیدوار محمد شہباز شریف اور عمر ایوب خان کے کاغذات نامزدگی کو منظور کر لیا گیا۔ وزارت عظمیٰ کا انتخاب قومی اسمبلی کے کل بروز اتوار دن 11 بجے منعقد ہونے والے اجلاس میں ہو گا۔