پیپلز پارٹی نے پنجاب میں گورنر کیلئے 3 نام منتخب کر لئے

قمر الزمان کائرہ، مخدوم احمد محمود ، چوہدری ریاض کے نام چنے گئے

اتوار 3 مارچ 2024 20:55

پیپلز پارٹی نے پنجاب میں گورنر کیلئے 3 نام منتخب کر لئے
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ 2024ء ) پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب میں گورنر کے لئے 3 نام منتخب کرلیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قمر زمان کائرہ، مخدوم احمد محمود اور چوہدری ریاض کے نام شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ گورنر خیبر پختونخواہ کے لئے مختلف ناموں پر مشاورت جاری ہے، گورنر خیبر پختوانخواہ کیلئے بھی نام جلد شارٹ لسٹ کر لیے جائیں گے، پیپلز پارٹی صدارتی الیکشن کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا ہ کے گورنرز کے ناموں کا اعلان کرے گی۔

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن اور ایم کیوایم کے درمیان حکومت سازی کیلئے بلدیاتی نظام سے متعلق آئینی ترمیم کا معاملہ تو طے ہوچکا ہے لیکن اب بات وزارتوں پر آگئی ہے، ایم کیوایم نے وفاقی حکومت میں شامل ہونے کیلئے 5 وزارتوں کا مطالبہ کیا ہے، ایم کیوایم کو میری ٹائم کی وزارت مل سکتی ہے لیکن فی الحال وزارت آئی ٹی ملنے کا امکان نہیں ہے، سندھ کی گورنرشپ کے نام پر ایم کیوایم میں دو رائے پائی جاتی ہیں، ایم کیوایم کا ایک گروپ کامران ٹیسوری کو گورنر بنانا چاہتا ہے، ایم کیوایم کا دوسرا گروپ خوش بخت شجاعت کو گورنر دیکھنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ ایم کیوایم نے وفاقی حکومت میں شامل ہونے کیلئے 5 وزارتوں کا مطالبہ کیا تھا، لیکن ایم کیوایم کو سندھ کی گورنر شپ اور دو سے تین وزارتیں ملنے کا امکان ہے، ایم کیوایم کا کہنا ہے کہ آئی پی پی اور مسلم لیگ ق کوایک ایک وزارتیں دی جاسکتی ہیں تو ہماری زیادہ سیٹیں ہیں ہمیں زیادہ وزارتیں دی جائیں تاہم وزارتوں کے معاملے پر ابھی بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔