شہباز شریف نے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے حلف لیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 4 مارچ 2024 15:21

شہباز شریف نے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مارچ 2024ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ تفصیلات کے مطابق نومنتخب وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہباز شریف سے ان کے عہدے کا حلف لیا، نومنتخب وزیر اعظم کی حلف برداری کی اس تقریب کے لیے دعوت نامے بھی ارسال کیے گئے، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق تقریب میں شریک ہوئے، اس کے علاوہ صوبوں کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔

بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے وزیر اعظم شہباز شریف کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا، صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم فارم 45 والا نہیں ہے، جب تک یہ کلئریٹی نہیں آجاتی کہ وہ عوام کے مینڈیٹ سے بنا ہے یا آر اوز سے تب تک حلف برداری کے لئے جانا ٹھیک نہیں ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ شہباز شریف ملک کے 24 ویں وزیر اعظم منتخب ہوئے ہیں، ، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، مسلم لیگ ق نے شہباز شریف کی حمایت کی جس کی بدولت قومی اسمبلی میں قائد ایوان کیلئے ہونے والے انتخاب میں شہباز شریف نے 201 اراکین کی حمایت حاصل کی ، ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب نے 92 ووٹ لیے، جمعیت علمائے اسلام ف نے قائد ایوان کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا اور ووٹنگ کے دوران ایوان سے باہر چلے گئے جب کہ اختر مینگل موجود تو رہے لیکن کسی کو ووٹ نہیں دیا۔