پنجاب اسمبلی کاہنگامی اجلاس طلب کرنے کیلئے 101 ارکان کے دستخطوں سے ریکوزیشن سیکرٹری اسمبلی کو جمع

پیر 4 مارچ 2024 21:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مارچ2024ء) اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی کے محاذ پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا ، سنی اتحاد کونسل نے پنجاب اسمبلی کااجلاس ہنگامی طورپر طلب کرنے کے لئے ریکوزیشن سیکرٹری اسمبلی عامر حبیب کو جمع کرادی ۔ ریکوزیشن رانا آفتاب احمد خان ،چیف وہپ رانا شہباز ،کوآرڈی نیٹر سنٹرل پنجاب اویس ورک احمد خان بھچر،معین قریشی اور حسن ذکاء نیازی کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

(جاری ہے)

101اپوزیشن ارکان کے دستخطوں سے ریکوزیشن اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی ہے جس میں امن و امان ،مہنگائی کی صورتحال کو زیر بحث لانے کے لئے اسمبلی اجلاس طلب کرنے کا کہا گیا ہے۔سنی اتحاد کونسل کی جانب سے جمع کروائی گئی ریکوزیشن میں مزید کہا گیا کہ مینڈیٹ چوری کے خلاف احتجاج کے دوران کارکنوں کی گرفتاریوں کامعاملہ بھی اپوزیشن ایوان میں اٹھانا چاہتی ہے ، کارکن احمد شاہ کو مبینہ طورپر پولیس کی جانب سے تشدد کانشانہ بنانے کا معاملہ بھی ایوان میں اٹھایاجائے گا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمدخان آئینی طور پر اپوزیشن کی ریکوزیشن پر 14روز کے اندر اسمبلی اجلاس طلب کرنے کے پابند ہیں۔