الیکشن کمیشن نے پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی اقلیتی و خواتین کی نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

منگل 5 مارچ 2024 20:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2024ء) الیکشن کمیشن نے پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی اقلیتی و خواتین کی نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی کی اقلیتی نشست اور خواتین کی مزید دو مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے بعد پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو مخصوص نشستیں الاٹ کردی گئی۔

خواتین کی مخصوص نشستیں پانے والوں میں پیپلز پارٹی کی سمیتا افضال اور ایم کیو ایم کی فوزیہ حمید شامل ہیں،پیپلز پارٹی کے سریندر ولاسائی کو اقلیتی نشست الاٹ کی گئی ہے۔سات مارچ کو پانچ ارکان اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے، جن میں فوزیہ حمید، نثار کھوڑو، جام مہتاب، سمیتا افضال اور سریندر ولاسائی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مخصوص نشستوں کی تقسیم کے بعد سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی نشستوں کی تعداد 116، جبکہ ایم کیوایم کی نشستوں کی تعداد 37 ہوگئی ہے،اسی طرح اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے نو، جی ڈی اے کے تین اور جماعت اسلامی کا ایک رکن موجود ہے۔

قومی اسمبلی میں پنجاب سے خواتین کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پیپلز پارٹی کو دو اور مسلم لیگ (ن) کو ایک نشست ملی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ثمینہ خالد گھرکی، نتاشہ دولتانہ اور تمکین نیازی رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی ہیں،اسی طرح قومی اسمبلی سے اقلیتوں کی ایک ایک مخصوص نشست مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور جے یوآئی ایف کو دے دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نیلم ، جیمز اقبال اور رمیشن کمار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں خیبرپختونخوا کی خواتین کی 20 مخصوص نشستوں کا اعلامیہ بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق جے یو آئی کو 8، (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو پانچ پانچ نشستیں ملی ہیں، اسی طرح عوامی نیشنل پارٹی اورپی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کو ایک ایک نشست دی گئی ہے ،(ن) لیگ کی ثوبیہ شاہد، غزالہ انجم، شہلا بانو اور شاہین رکن اسمبلی منتخب ہوگئی ہیں۔اسی طرح جے یو آئی کی نعیمہ کشور خان اور صدف احسان، جبکہ پیپلز پارٹی کی عاصمہ عالمگیر اور نعیمہ کنول کو بھی مخصوص نشستیں الاٹ کی گئی ہیں۔