پیپلزپارٹی کا ایم کیو ایم کے مطالبات و تجاویز ماننے کیلئے گرین سگنل

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں صدارتی ووٹ کے حوالے سے حتمی فیصلے کا امکان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 مارچ 2024 11:38

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مارچ 2024ء ) پاکستان پیپلزپارٹی نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مطالبات و تجاویز ماننے کیلئے گرین سگنل دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدارتی الیکشن ووٹ کے لیے سیاسی جماعتوں کے رابطے جاری ہیں، اسی حوالے سے ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے ارکان آج صدارتی الیکشن پر مشاورت کریں گے، پیپلز پارٹی کی جانب سے ایم کیو ایم کے مطالبات و تجاویز ماننے کے لیے گرین سگنل دیا جاچکا ہے، تاہم ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی سندھ کے ارکان کے درمیان ایک اور ملاقات متوقع ہے، جس کے بعد متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں صدارتی ووٹ کے حوالے سے حتمی فیصلے کا امکان ہے۔

اس سلسلے میں صدارتی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے نامزد آصف علی زرداری نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا، پیپلز پارٹی کے نامزد صدارتی امیدوار آصف علی زرداری نے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول کو ٹیلی فون کر کے ان سے سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

خالد مقبول صدیقی اور آصف علی زرداری کے درمیان صدارتی الیکشن، سیاسی صورتحال اور سندھ کے معاملات پر بھی بات چیت کی گئی تھی ۔

پیپلز پارٹی کے نامزد صدارتی امیدوار آصف علی زرداری نے ایم کیو ایم سے ووٹ کی درخواست کی جس پر خالد مقبول صدیقی نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں مشاورت کے بعد جلد جواب دینگے۔اس سے قبل ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی فاروق ستار سے جب اس حوالے سے پوچھا گیا کہ کیا ان کی جماعت صدارتی الیکشن کیلئے آصف علی زرداری کو ووٹ دیگی تو ان کا کہنا تھا ابھی تک تو پیپلز پارٹی نے ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے صدارتی الیکشن کیلئے 9 مارچ کی تاریخ دے رکھی ہے جبکہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 2 مارچ مقرر کی گئی تھی اور گزشتہ روز ریٹرننگ آفیسرنے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد حتمی فہرست جاری کر دی تھی۔