خواتین کو مساوی حقوق اور یکساں ترقی کے مواقع کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ( 8 مارچ 2024 سے پہلے نشر یا شائع نہ کیا جائے)

جمعہ 8 مارچ 2024 00:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2024ء) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خواتین کو مساوی حقوق اور یکساں ترقی کے مواقع کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔سول سوسائٹی، میڈیا اور حکومت سب کو تعاون سے نہ صرف خواتین کے حقوق اور انکے تحفظ کا عہد کرنا ہوگا بلکہ اس حوالے سے آگاہی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا ۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے8 مارچ کوخواتین کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا کہ آج دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن ’’شمولیت کی ترغیب دی‘‘ کے موضوع کے تحت منایا جا رہا ہے۔ آج کا دن خواتین کی سماجی، معاشی، ثقافتی اور سیاسی کامیابیوں کے اعتراف اور ان کو معاشرے کی تعمیر میں مؤثر کردار کے منصفانہ مواقع فراہم کرنے کا دن ہے۔

(جاری ہے)

آج کا دن خواتین کے انسانی ارتقاء میں تعمیری کردار کو پہچان کر ان کو معاشرے میں بلند مقام دینے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن امہات المومنینؓ اور اصحابیہ ؓکرام کے دین کی اساس میں کلیدی کردار و خدمات، محترمہ فاطمہ جناح کی سیاسی بصیرت، بیگم رعنا لیاقت علی خان کی ملکی خدمات، محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی جمہوریت کیلئے قربانی اور محترمہ کلثوم نواز کی جمہوریت کی بقاء کیلئے جدوجہد، محترمہ بلقیس ایدھی اور ڈاکٹر روتھ فاؤ کے انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے اپنی زندگی وقف کرنے، ملالہ یوسف زئی کی تعلیمِ نسواں کیلئے جرآت اور ان جیسی تمام عظیم خواتین کو یاد کرکے نسلِ نو کو ان کے بارے آگاہی دینے کا دن ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ انسانی معاشرے کی ترقی خواتین کے تعمیری کردار کے بغیر ممکن نہ تھی۔ انسان اگر اپنے اردگرد نگاہ دوڑائے تو خاتون کا ہر روپ اسے معاشرے کا ایک کار آمد رکن بنانے میں مصروف نظر آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو آج سے 14 صدیاں قبل برابری کے حقوق دیئے۔ ماں کے قدموں تلے جنت اور بیٹی کو گھر کی رحمت قرار دیا۔

اسلام خواتین کے وقار کو ماند کئے بغیر انہیں زندگی کے ہر شعبے میں مثبت کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ معاشرہ خواتین کی ہر شعبے میں خدمات کی مثالوں سے بھرا پڑا ہے۔ اکیسویں صدی کی دنیا میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ انسانی تہذیب کی ترقی میں مصروفِ عمل ہیں۔ آج کسی بھی شعبے کو اٹھا کر دیکھ لیں آپ کو خواتین اپنی گھریلو ذمہ داریوں کی احسن طریقے سے انجام دہی کے ساتھ ساتھ ہر شعبے میں قائدانہ کردار میں نظر آئیں گی جو خوش آئند امر ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو مساوی حقوق اور یکساں ترقی کے مواقع کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ماضی میں بھی میں نے خواتین کو یکساں ترقی کے مواقع، تعلیمی سہولیات اور روزگار کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا۔ خواتین کو منصفانہ حقوق کی فراہمی اور انکے تحفظ کیلئے نہ صرف قوانین بنائے بلکہ ان کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پالیسی اقدامات اٹھائے۔

ان اقدامات میں خواتین کو وراثت میں حصے کا قانون، بچیوں کی تعلیم کیلئے زیورِ تعلیم اسکالرشپ، پنجاب اینڈاؤمنٹ فنڈ میں انکا خصوصی حصہ، لیپ ٹاپس کی فراہمی اور میرٹ پر بھرتیاں شامل ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اس بات کا پورا ادراک ہے کہ ابھی ہمیں خواتین کو مزید با اختیار، انکے تحفظ اور منصفانہ حقوق کو یقینی بنانے کیلئے مزید کام کرنا ہے۔

اس میں سول سوسائٹی، میڈیا اور حکومت سب کو تعاون سے نہ صرف خواتین کے حقوق اور ان کے تحفظ کا عہد کرنا ہوگا بلکہ اس حوالے سے آگاہی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔ میرا اپنے ملک کی باصلاحیت خواتین سے آج کے دن کی مناسبت سے یہ وعدہ ہے کہ ہماری حکومت خواتین کے منصفانہ حقوق، ان کے تحفظ اور انکو یکساں تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھاتی رہے گی۔ میرے ملک کی مائیں اور بہنیں ملک و قوم کا فخر ہیں اور مجھے پورا بھروسہ ہے کہ انہیں یکساں ترقی کے مواقع اور منصفانہ حقوق کی فراہمی سے یہ ملک و قوم کی تعمیر و خوشحالی میں اپنا کلیدی کردار ادا کر سکیں گی۔